رسائی کے لنکس

فائل فوٹو
فائل فوٹو

طالبان امریکہ کے ساتھ تعلقات کی نئی شروعات چاہتے ہیں، ترجمان سہیل شاہین

سہیل شاہین کا کہنا تھا کہ "ہم نئی شروعات چاہتے ہیں۔ اب یہ امریکہ پر منحصر ہے کہ وہ ہمارے ساتھ کام کرے گے یا نہیں۔ وہ افغانستان میں غربت کے خاتمے، تعلیم کے شعبے، اور افغانستان کے بنیادی ڈھانچے کو کھڑا کرنے میں مدد کرتا ہے یا نہیں۔

18:39 28.8.2021

کیا افغانستان میں میڈیکل انٹری ٹیسٹ میں اول آنے والی باران ڈاکٹر بن پائیں گی؟

افغانستان کے دیہی علاقے سے تعلق رکھنے والی سالگی باران نے میڈیکل یونیورسٹی میں داخلے کے لیے ہونے والے ٹیسٹ میں سب سے زیادہ نمبر حاصل کیے ہیں۔ البتہ ان کے پاس اس خدشے کا کوئی جواب نہیں ہے کہ افغانستان کی موجودہ صورتِ حال کے پیش نظر آگے کیا ہو گا؟

اٹھارہ سالہ باران افغانستان میں ہی رہنا چاہتی ہیں اور ان کا خواب ہے کہ وہ ڈاکٹر بنیں۔

مشرقی افغانستان کے متوسط خاندان سے تعلق رکھنے والی سالگی باران ڈاکٹر اس لیے بننا چاہتی ہیں کیوں کہ جب وہ سات سال کی تھیں تو ان کے شوگر کے شکار والد ڈاکٹر کے انسولین کی زیادہ مقدار دیے جانے کے سبب انتقال کر گئے تھے۔

اس واقعے کی وجہ سے سالگی باران ایسی ڈاکٹر بننا چاہتی ہیں جو کہ ایسی غلطیاں نہ کرے۔

افغانستان کے دارالحکومت کابل پر رواں ماہ طالبان کے قبضے کے بعد سالگی باران سمیت بہت سے لوگوں کے خدشات بڑھ گئے ہیں کہ آیا وہ مستقبل میں اپنے خوابوں کو پورا کر سکیں گے یا نہیں۔

طالبان رہنماؤں کا کہنا ہے کہ خواتین اور لڑکیاں شریعت کے مطابق اسکولوں میں اور کام پر جا سکیں گی تاہم اس گروپ کے رہنماؤں کی اس حوالے سے مزید تفصیلات نہیں دی گئیں۔

سالگی باران کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت خوف زدہ نہیں ہیں تاہم انہیں اپنے مستقبل سے متعلق خدشات لاحق ہیں۔

مزید جانیے

21:33 28.8.2021

طالبان نے کابل ایئر پورٹ جانے والے متعدد راستے بند کر دیے

افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ایئر پورٹ پر ہونے والے خود کش حملے کے بعد طالبان نے ہفتے کو ایئر پورٹ کے اطراف لوگوں کے اجتماع کو روکنے کے لیے اضافی مسلح اہلکار تعینات کر دیے ہیں۔

امریکی خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق ایئر پورٹ جانے والے راستوں پر طالبان نے تلاشی لینے کے لیے نئے چوکیاں بھی قائم کر دی ہیں۔

ایئر پورٹ کے اطراف علاقے، جہاں گزشتہ دو ہفتوں سے لوگ افغانستان سے باہر جانے کے لیے جمع ہو رہے تھے، اب زیادہ تر خالی ہیں۔

رواں ہفتے جمعرات کو ہونے والے خود کش دھماکے میں ڈیڑھ سو سئ زائد افغان شہری اور 13 امریکی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔

خود کش حملے کی ذمہ داری داعش خراسان نے قبول کی تھی جس کو زیادہ شدت پسند گروہ سمجھا جاتا ہے۔ خدشہ ہے کہ وہ مزید حملے بھی کر سکتے ہیں۔

متعدد مغربی ممالک نے افغانستان سے انخلا کا آپریشن امریکہ کی طرف سے دی جانے والی 31 اگست کی ڈیڈ لائن سے قبل ہی مکمل کرنے کا اعلان بھی کر دیا ہے۔

مزید جانیے

14:53 29.8.2021

کابل ایئر پورٹ پر مزید حملے ہو سکتے ہیں، امریکی سفارت خانے کا انتباہ

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں امریکی سفارت خانے نے کابل ایئر پورٹ پر مزید حملوں کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے امریکی شہریوں کو ہوائی اڈے کی حدود سے دُور رہنے کی اپیل کی ہے۔ اس سے قبل صدر بائیڈن بھی اسی نوعیت کا انتباہ کر چکے ہیں۔

ہفتے کو جاری کیے گئے سیکیورٹی الرٹ میں امریکی شہریوں کو ایئرپورٹ سے دور رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ جو لوگ ایئر پورٹ کے اطراف بشمول جنوب (ایئرپورٹ سرکل) گیٹ، نئی وزارتِ داخلہ، ایئرپورٹ کے شمال مغربی حصے پنجشیر پیٹرول اسٹیشن کے قریب موجود ہیں انہیں فوری طور پر وہاں سے چلے جانا چاہیے۔

امریکی سفارت خانے کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اس سے قبل امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے بھی ہفتے کو ایک بیان میں خبردار کیا تھا کہ 24 سے 36 گھنٹوں کے اندر کابل ایئر پورٹ پر ایک اور حملے کا خطرہ ہے۔

ان کا یہ بیان کابل ایئر پورٹ کے باہر جمعرات کو ہونے والے اس خود کش دھماکے کے بعد سامنے آیا ہے جس میں کم از کم 170 افغان شہری اور 13 امریکی فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔

یہ دھماکہ ایسے وقت میں ہوا تھا جب امریکی اور غیر ملکی افواج انخلا کا عمل جاری رکھے ہوئے تھے اور بڑی تعداد میں افغان شہری بھی ملک سے باہر جانے کے لیے ایئر پورٹ کے احاطے میں جمع تھے۔

مزید پڑھیے

15:08 29.8.2021

پانچ لاکھ افغان شہری چار ماہ میں ملک چھوڑ سکتے ہیں: یو این ایچ سی آر

اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آئندہ چار ماہ کے دوران پانچ لاکھ افغان شہری ملک چھوڑ سکتے ہیں۔

ادارے کا کہنا ہے کہ سیاسی عدم استحکام اور غیر یقینی حالات افغان شہریوں کو ملک سے جانے پر مجبور کر رہے ہیں۔

یو این ایچ سی آر کے مطابق اسے فی الحال بڑے پیمانے پر نقل مکانی نہیں کہا جاتا، لیکن صورتِ حال سے ظاہر ہوتا ہے کہ آنے والے دنوں میں مزید افراد ملک سے باہر جانے کی کوشش کریں گے۔

یو این ایچ سی آر نے افغانستان کے ہمسایہ ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ افغان مہاجرین کے لیے اپنے بارڈرز کھلے رکھیں۔

ادھر ورلڈ فوڈ پروگرام نے اقوامِ متحدہ سے ضرورت مند افغان شہریوں کی خوراک کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ایک کروڑ 20 لاکھ ڈالرز دینے کی اپیل کی ہے۔

اس خبر کے لیے بعض معلومات افغان نشریاتی ادارے 'طلوع' نیوز سے لی گئی ہیں۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG