رسائی کے لنکس

فائل فوٹو
فائل فوٹو

طالبان امریکہ کے ساتھ تعلقات کی نئی شروعات چاہتے ہیں، ترجمان سہیل شاہین

سہیل شاہین کا کہنا تھا کہ "ہم نئی شروعات چاہتے ہیں۔ اب یہ امریکہ پر منحصر ہے کہ وہ ہمارے ساتھ کام کرے گے یا نہیں۔ وہ افغانستان میں غربت کے خاتمے، تعلیم کے شعبے، اور افغانستان کے بنیادی ڈھانچے کو کھڑا کرنے میں مدد کرتا ہے یا نہیں۔

14:50 30.8.2021

افغانستان کی صورتِ حال پر وزرائے خارجہ کا ورچوئل اجلاس آج ہو گا

افغانستان کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورتِ حال پر امریکی وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن کی میزبانی میں مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ پیر کو آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کے لیے ورچوئل اجلاس میں شرکت کریں گے۔

اتوار کو امریکی محکمۂ خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق امریکہ افغانستان کی صورتِ حال پر اہم شراکت داروں کے ساتھ مشاورت کرے گا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کینیڈا، جرمنی، فرانس، اٹلی، برطانیہ، قطر، ترکی، نیٹو ممالک اور یورپی یونین کے بعض ممالک کے نمائندے ورچوئل اجلاس میں شریک ہوں گے۔

یہ اجلاس ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب امریکہ اور اتحادی افواج کا افغانستان سے انخلا حتمی مرحلے میں ہے۔

محکمہ خارجہ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیرِ خارجہ بلنکن ورچوئل اجلاس کے اختتام پر افغانستان سے متعلق امریکی کاوشوں پر دیگر ممالک کو اعتماد میں لیں گے۔

15:07 30.8.2021

بائیڈن کی کابل دھماکے میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کے اہلِ خانہ سے ملاقات

امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے خاتون اول جل بائیڈن کے ہمراہ کابل ایئرپورٹ دھماکے میں ہلاک ہونے والے 13 امریکی فوجیوں کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی ہے۔

اس سے قبل صدر اور خاتون اول امریکی ریاست ڈیلاویئر کے ڈوور فضائی اڈے پر ان فوجیوں کے جسدِ خاکی اہلِ خانہ کے حوالے کرنے کے موقع پر بھی موجود تھے۔

خیال رہے کہ جمعرات کو کابل ایئرپورٹ کے باہر ہونے والے خوفناک خود کش حملے میں 13 امریکی فوجیوں سمیت 170 افراد ہلاک ہو گئے تھے جن میں اکثریت افغانستان سے نکلنے کے خواہش مند افغان شہریوں کی تھی۔

حملے میں ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کی عمریں محض 20 سے 31 برس کے درمیان تھیں۔

15:23 30.8.2021

پی آئی اے کا کارگو طیارہ ڈبلیو ایچ او کا امدادی سامان لے کر مزار شریف پہنچ گیا

افغانستان میں پاکستان کے سفیر منصور احمد خان نے کہا ہے کہ قومی ایئر لائن پی آئی اے کا ایک کارگو طیارہ عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے افغانستان کے لیے بھجوائے گئے طبی سامان کی کھیپ لے کر مزار شریف پہنچ گیا ہے۔

منصور احمد خان کا کہنا تھا کہ عالمی اداروں کے تعاون سے افغانستان کی مدد کے لیے ضروری سامان کی فراہمی کے لیے مزار شریف میں ایئر برج بنایا گیا ہے۔

اس سے قبل کابل ایئر پورٹ پر حملے کے بعد ڈبلیو ایچ او نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ افغانستان کو طبی سامان کی اشد ضرورت ہو گی جس کے لیے مزار شریف میں پاکستان کی مدد سے ایئر برج بنانے کی کوشش کی جائے گی۔

منصور احمد خان نے مزار شریف کے لیے کارگو فلائٹ آپریٹ کرنے پر پی آئی اے کا شکریہ بھی ادا کیا۔

15:46 30.8.2021

افغان طالبان کابل ایئر پورٹ کے قریب امریکی حملے پر معترض

افغان طالبان نے کابل ایئرپورٹ کے قریب امریکی فضائی کارروائی پر اعتراض اُٹھاتے ہوئے اسے بغیر اجازت دوسرے ملک پر حملہ قرار دیا ہے۔

چین کے سرکاری ٹی وی 'سی جی ٹی این' سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ اگر امریکہ کو کسی حملے کا خطرہ تھا تو اُنہیں پہلے ہمیں آگاہ کرنا چاہیے تھا۔

اُن کا کہنا تھا کہ اس امریکی حملے میں سات عام شہری بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ لہذٰا امریکہ کی یہ کارروائی غیر قانونی اور دوسرے ملک میں مداخلت کے مترادف ہے۔

امریکی فوج نے اتوار کی صبح ایک بیان میں کہا تھا کہ اس نے کابل ایئرپورٹ کے لیے خطرہ بننے والی داعش خراسان کی ایک گاڑی کو افغان دارالحکومت میں نشانہ بنایا ہے۔

بعدازاں امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ کے ترجمان بل اربن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم فضائی کارروائی میں عام شہریوں کی ہلاکت سے متعلق آگاہ ہیں۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG