روس یوکرین جنگ میں ایک ہزار بچے ہلاک یا زخمی ہوئے ہیں، اقوام متحدہ
اقوام متحدہ کے بچوں کے امور سے متعلق ادارے یونیسیف کا کہنا ہے کہ لگ بھگ چھ ماہ قبل یوکرین پر روسی حملے کے بعد سے یوکرین کے تقریباً ایک ہزار بچے ہلاک یا زخمی ہو چکے ہیں۔
پیر کے روز یونیسیف نے کہا کہ کم از کم جن 972 بچوں کے ہلاک یا زخمی ہونے کی تعداد صرف ان کی نمائندگی کرتی ہےجن کی اقوام متحدہ نے تصدیق کی ہے اور یہ اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔
یونیسیف کی ایکزیکٹیو ڈائریکٹر کیتھرین رسل کے ایک بیان کے مطابق زیادہ تر ہلاکتیں دھماکہ خیز ہتھیاروں سے ہوئیں۔
انہوں نے لکھا،" ایک بار پھر، جیسا کہ تمام جنگوں میں ہوتا ہے ، بالغوں کے غیر زمہ دارانہ فیصلے بچوں کو شدید خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ اس قسم کا کوئی ایسی کارروائی نہیں ہوتی جس کےنتیجے میں بچوں کو نقصان نہ پہنچے ۔"۔
رسل نے کہا کہ جو بچے تشدد میں ہلاک یا زخمی ہوئے ان کے علاوہ یوکرین کا تقریباً ہر بچہ انتہائی مایوس کن حالت سے گزرا ہے ، اور وہ جو تشدد سے بچ کر فرار ہو رہے ہیں انہیں خاندان سے جدائی، تشدد،بد سلوکی، جنسی استحصال اور انسانی اسمگلنگ کا نمایاں خطرہ لاحق ہے ۔
یونیسیف نے گنجان آباد علاقوں میں دھماکہ خیز ہتھیاروں کے استعمال اور شہری تنصیبات اور انفرا اسٹرکچر ہر حملے بند کرنے کا مطالبہ کیا ۔
یوکرین کی حکومت روس پر دانستہ طور پر عام شہریوں کو ہدف بنانے کا الزام عائد کر چکی ہے ، جس کی ماسکو تردید کرتا ہے ۔
اٹلانٹا: فائرنگ کے واقعات میں دو افراد ہلاک، ایک مشتبہ خاتون گرفتار
پولیس نے پیر کو اٹلانٹا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے ایک مشتبہ خاتون کو گرفتار کیا، جس سے شہر کے مرکز میں ہونے والی اس فائرنگ کے بعد ایک گھنٹے پر محیط تلاشی ختم ہو گئی۔ فائرنگ کے واقعات میں دو افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا تھا۔
اٹلانٹا پولیس ڈیپارٹمنٹ نے کہا کہ وہ یہ تعین کرنے کی کوشش کر رہا ہے کہ آیا مشتبہ خاتون نے متاثرین کو ہدف بنایا تھا یا اتفاقیہ طور پر گولی ماری تھی ۔
پولیس نے بتایا کہ تقریباً دوپہر ایک بجکر 45 منٹ پر فائرنگ کی ایک رپورٹ پر کارروائی کے دوران اسے اٹلانٹا کے مڈ ٹاؤن علاقے میں ایک دفتر اور شاپنگ کمپلیکس کالونی اسکوائر کے قریب ایک رہائشی عمارت میں دو متاثرہ افراد ملے جن میں سے ایک مر چکا تھا جبکہ دوسرے کو اسپتال لے جایا گیا۔
پولیس کے مطابق پہلے ایک بلند و بالا دفتر کی عمارت میں فائرنگ کے متعلق ایک کال موصول ہوئی، جہاں پولیس کو تیسرا متاثرہ شخص ملا۔ اس شخص کو بھی بظاہر گولی ماری گئ تھی اور وہ بعد میں اسپتال پہنچنے پ دم توڑ گیا۔
پولیس دونوں مقامات کے درمیان کسی تعلق کے بارے میں تفتیش کر رہی ہے ۔ اس کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات سے ظاہر ہوا ہے کہ ایک مشتبہ خاتون دونوں واقعات کی ملوث تھی۔
نیوزی لینڈ میں کرونا وبا پر حکومتی اقدامات کے خلاف مظاہرہ
نیوزی لینڈ میں وبا کے حوالے سے حکومتی اقدامات سے ناراض تقریباً دو ہزار مظاہرین ملک کی پارلیمنٹ کے باہر اکٹھے ہوئے، لیکن ایسا لگتا ہے کہ چھ ماہ قبل کی اس کارروائی کو نہیں دہرایا جائے گا جس میں مظاہرین نے پارلیمنٹ کے گراونڈز پر تین ہفتے سے زیادہ ڈیرے ڈالے رکھے تھے ۔
بہت سے مظاہرین نے کہا ہے کہ ان کا یہاں رکنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ دوسری جانب پولیس نے سڑکیں بند کرکے، رکاوٹیں کھڑی کرکے اور مظاہرین کو پارلیمنٹ کے احاطے میں خیمے لانے پر پابندی لگا کر یہ یقینی بنایا لیا ہے کہ وہ دوبارہ قابض نہ ہو جائیں۔
گزشتہ احتجاج کے دوران دارالحکومت میں بہت زیادہ انتشار پھیلا تھا اور افراتفری پر ختم ہوا تھا کیونکہ پارلیمنٹ گراؤنڈ سے جاتے وقت مظاہرین نےاپنے خیموں کو آگ لگا دی تھی اور پولیس پر پتھراؤ کیا تھا ۔
متحدہ عرب امارات چھ برسوں بعد ایران میں اپنا سفیر تعینات کرنے پر آمادہ
متحدہ عرب امارات چھ برسوں میں پہلی بار ایران میں اپنے سفیر کی بحالی کا اراد ہ رکھتا ہے۔ اس بات کا اعلان ، اماراتی وزارت خارجہ نے اتوار کے روز ایسے میں کیا، جب خلیجی عرب فیڈریشن اس ملک کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کی کوششوں میں اضافہ کر رہی ہے جسے وہ طویل عرصے سے ایک علاقائی خطرہ خیال کرتی رہی ہے۔
متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ڈبلیو اے ایم کے مطابق ایران میں امارات کے سفیر سیف محمد الزابی دونوں پڑوسی ملکوں اور خطے کے مشترکہ مفادات کے حصول کے لئے دو طرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھنے کے لئے آنے والے دنوں میں تہران واپس جائیں گے ۔
ایسو سی ایٹڈ پریس کے مطابق یہ اقدام ایسے میں کیا جارہا ہے جب امریکی اور ایرانی سفارت کار عالمی طاقتوں کےساتھ تہران کےتاریخی جوہری معاہدے کی بحالی کے لئے سولہ ماہ کے مذاکرات کا سلسلہ اب ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔