پوٹن نے چار یوکرینی علاقوں کے روس سے الحاق کے قانون پر دستخط کر دیے
روس کے صدر ولادی میر پوٹن نےیوکرین کے علاقوں کو روس میں ضم کرنےسےمتعلق قوانین پر دستخط کر دئے ہیں۔
یہ ایک ایسا اقدام ہے جو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے الحاق کو حتمی شکل دیتا ہے ۔
اس ہفتے کے شروع میں، روسی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں نے ڈونیٹسک، لوہانسک، کھیرسن اور زاپورژیا کے علاقوں کو روس کا حصہ بنانے کے معاہدوں کی توثیق کی۔
یہ رسمی کارروائیاں کریملن کی طرف سے چار خطوں میں اس "ریفرنڈم" کے بعد ہوئیں جنہیں یوکرین اور مغرب نے ایک دھوکا قرار دے کر مسترد کر دیا ہے۔
اوپیک پلس تیل کی پیداوار میں کٹوتی کر سکتا ہے
اوپیک پلس بدھ کو اپنے اجلاس میں تیل کی پیداوار میں بڑی کٹوتیوں کے لیے تیار نظر آتا ہے، جس سے ریاست ہائے متحدہ امریکہ اور تیل استعمال کرنے والے دوسرے ملکوں کی جانب سے مزید تیل نکالنے پر دباؤ کے باوجود پہلے سے ہی دباؤ کی شکار مارکیٹ میں سپلائی میں کمی واقع ہوگی۔
اوپیک پلس کی جانب سے پیداوار میں کمی سے تیل کی قیمت پر دباؤ پڑ سکتا ہے جو کہ عالمی اقتصادی کساد بازاری، امریکی شرح سود میں اضافے اور مضبوط ڈالر کے خوف کی وجہ سے تین ماہ قبل 120 ڈالر سے کم ہو کر تقریباً 90 ڈالر پر آ گئی ہے۔
ذرائع نے اس ہفتے رائٹرز کو بتایا کہ اوپیک +، جس میں سعودی عرب اور روس شامل ہیں، روزانہ ایک ملین بیرل سے زیادہ کی کمی پر کام کر رہا ہے۔ اوپیک کے ایک ذریعہ نے منگل کو کہا کہ یہ کمی مقدار 2 ملین بیرل یومیہ تک ہوسکتی ہے۔
قیمتوں میں اضافےکی ایک وجہ روس کی یوکرین کے خلاف جنگ ہے ۔
جنوبی کوریا کا میزائل مشترکہ مشقوں کے دوران سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا
جنوبی کوریا کا ایک بیلسٹک میزائل امریکہ کے ساتھ فائرنگ کی ایک لائیو مشق کے دوران خراب ہو گیا اور زمین پر گر کر تباہ ہو گیا ہے، جس سے ایک ساحلی شہر کے رہائشی افرا تفری کا شکار ہو گئے جو شمالی کوریا کے بڑھتے ہوئے اشتعال انگیز ہتھیاروں کے تجربات سے پہلے ہی پریشان ہیں۔
بدھ کی صبح ہونے والے دھماکوں کی آواز اور آگ کے شعلوں سے گنگنیونگ، میں بہت سے لوگ یہ سوچنے لگے کہ یہ شمالی کوریا کا حملہ ہو سکتا ہے۔
تشویش میں اس وقت اضافہ ہوا جب حکام نے گھنٹوں تک دھماکے کے بارے میں کوئی وضاحت فراہم نہیں کی۔
حادثے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
فوج نے کہا کہ وہ اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ مختصر فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل کی "غیر معمولی پرواز" کی وجہ کیا تھی، جو کہ جنوبی کوریا کے حفظ ما تقدم اور جوابی حملے کی حکمت عملی میں استعما ل ہونے والا ایک اہم ہتھیار ہے۔
امریکہ کا نیا اور جدید ترین طیارہ بردار بحری جہازبحر اوقیانوس میں تعینات
ریاستہائے متحدہ کے سب سے نئے اور جدید ترین طیارہ بردار بحری جہاز نے دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی کشیدگیوں کے دوران اتحادیوں کے ساتھ تربیت اور بحر اوقیانوس کے بلند سمندروں پر گشت کے لیے اپنی پہلی تعیناتی کا آغاز کر دیا ہے۔
یو ایس ایس جیرالڈ آر فورڈ نے منگل کے روز شمالی بحر اوقیانوس میں طیارہ بردار بحری جہاز کے ایک اسٹرائک گروپ کے قائد جہاز کے طور پر اپنی تعیناتی شروع کی جس میں نیٹو ملکوں کے چھ بحری جہاز، کئی امریکی جنگی جہاز اور ایک آبدوز شامل ہے۔
جہاز کے کمانڈنگ آفیسر بحریہ کے کیپٹن پال لینزیلوٹا، نے تعیناتی سے قبل صحافیوں کو بتایا کہ "ہم پورے بحر اوقیانوس کو اپنی گشت کے علاقے کے طور پر استعمال کریں گے۔" "ہم بحری ہوا بازی کے دائرے میں موجود ہر مشن سیٹ کو کافی بھر پور طریقے سے انجام دیں گے ۔"
یہ تعیناتی یوکرین پر روس کے غیر قانونی حملے کے سات ماہ بعد اور روسی ولادی میر پوٹن کی جانب سے میدان جنگ میں بھاری نقصانات کے ازالے کے ایک کوشش میں مزید تین لاکھ فوجیوں کو متحرک کرنے کی کال کے صرف چند ہفتوں بعد ہورہی ہے۔