روس کی میزائل پروڈکشن انڈسٹری پر پابندی لگائی جائے: یوکرین
یوکرین کے وزیر خارجہ دیمیٹرو کولیبا نے جمعرات کو کہا کہ انہوں نے یورپی یونین سے روس کی میزائل پروڈکشن انڈسٹری پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔
کولیبا نے ٹویٹ کیا کہ روس کی میزائل پیداوار کو روکنا ضروری ہے۔
انہوں نےبتایا کہ انہوں نے یہ پیغام یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزپ بوریل کے ساتھ ملاقات میں پہنچایا اور یوکرین کو فراہم کی جانے والی دفاعی امداد پر یورپی یونین کا شکریہ بھی ادا کیا۔
روس نے یوکرین کے شہروں پر حملے کرنے کے لیے میزائلوں کا استعمال کیا ہے
یوکرین کی فوج نے جمعرات کو کہا کہ روسی افواج مشرقی یوکرین کے ڈونیٹسک علاقے کے کئی قصبوں پر گولہ باری کر رہی ہیں جن میں باخموت, سولیدار اور اوپٹنے شامل ہیں۔
یوکرین کی مسلح افواج کے جنرل سٹاف نے یہ بھی کہا کہ روس جنوبی شہر کھیرسن میں یوکرین کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے لیے ٹینک اور توپ خانے کا استعمال کر رہا ہے۔
ہانگ کانگ: جمہوریت نواز ایڈیٹر جمی لائی کے مقدمے کی سماعت 13 دسمبر تک ملتوی
ہانگ کانگ کی ایک عدالت نے اس وقت اخبار کے پبلشر جمی لائی کے مقدمے کی سماعت13 دسمبر تک ملتوی کر دی ہے جب حکومت نے ایک برطانوی وکیل کو لائی کی نمائندگی کرنے سے روکنے کی کوشش کی ۔
ہانگ کانگ کے چیف ایگزیکٹیو جان لی نے چین کے اعلیٰ ترین قانون ساز ادارے سے یہ فیصلہ کرنے کو کہا کہ آیا غیر ملکی وکلاء قومی سلامتی کے مقدمات میں حصہ لے سکتے ہیں۔
حکام لائی پر غیر ملکی افواج کے ساتھ ملی بھگت کا الزام لگاتے ہیں اور ان کو بغاوت کے الزام کا بھی سامنا ہے۔
جرم ثابت ہونے پر ممکنہ طور پر عمر قید کی سزا کا سامنا ہو سکتا ہے۔
لائی ایپل ڈیلی اخبار کےبانی ہیں ۔ اس روزنامے کو 2021 میں اس وقت بند کرنے پر مجبورکر دیا گیا تھا جب جمہوریت کے حامی مظاہروں کے بعد نافذ کیے گئے سیکیورٹی قانون کے تحت اس کے اثاثے منجمد کر دیے گئے تھے۔
مصر : 30 سیاسی کارکن رہا کرنے کا اعلان
مصری حکام نے30 سیاسی کارکنوں کو جیل سے رہا کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ اعلان 24 نومبر کو دیر گئے کیا گیا اور مصر کے انسانی حقوق کے ریکارڈ پر بین الاقوامی جانچ کے دوران بڑے پیمانے پر رہائی کے سلسلے میں تازہ ترین کارروائی ہے۔
کارکنوں کی شناخت یا ان میں سے کتنے افراد کو پہلے ہی رہا کر دیا گیا ہے، اس بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔
اس ماہ کے شروع میں دو ہفتوں پر مبنی آب و ہوا کی تبدیلی پر عالمی سربراہی اجلاس مصر کی میزبانی میں ہوا جس میں مصری سیاسی مخالف عبد الفتاح کی قید میں بھوک ہڑتال کا مو ضوع چھایا ہوا تھا۔
انھوں نے اس دوران اپنی بھوک ہڑتال میں تیزی لاتے ہوئے اس سربراہی اجلاس کے دوران پانی پینا بھی چھوڑ دیا لیکن جب ان کی صحت کے بارے میں خدشات بڑھ گئے تو انھوں نے ہڑتال کو روک دیا۔
مصر نے 2013 کے بعد سے اختلاف کرنے والوں اور ناقدین کے خلاف کریک ڈاؤن کیا ہے۔ہزاروں کو جیلوں میں ڈالا ہے۔عملی طور پر مظاہروں پر پابندی لگا دی ہے اور سوشل میڈیا کی کڑی نگرانی کی ہے۔
افغانستان میں دو کروڑ 80 لاکھ سے زیادہ افراد کو امداد کی ضرورت ہے: اقوام متحدہ
افغانستان مین اقوام متحدہ کے فلاحی امور کے رابطہ دفتر یا او سی ایچ اے نے پیش گوئی کی ہے کہ ملک میں دو کروڑ 80 لاکھ سے زیادہ لوگوں کو امداد کی ضرورت ہوگی۔
اقوام متحدہ کے فلاحی ادارے کا کہنا ہے کہ40 لاکھ بچے اور خواتین شدید غذائی قلت کا شکار ہیں اور 34 صوبوں میں سے 30 صوبوں کو پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے۔
او سی ایچ اےکے مطابق جنوری اور اکتوبر 2022 کے درمیان انسانی ہمدردی کے اداروں کے ارکان نے کم از کم دو کروڑ 19 لاکھ لوگوں تک خوراک اور ذریعہ معاش کے لیے مدد فراہم کی ۔
عالمی ادارے کا کہنا ہے کہ ایک کروڑ 7 لاکھ افراد کو صحت کی دیکھ بھال اور علاج تک رسائی دی گئی ہے جب کہ 57 لاکھ بچے، حاملہ خواتین اور دودھ پلانے والی ماؤں میں شدید غذائی قلت کو روکنے اور ان سے نمٹنے کے لیے مدد فراہم کی گئی ہے۔
ایک اور خبر کے مطابق افغانستان میں اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے ہائی کمشنریعنی یواین ایچ سی آرکے مطابق افغانستان میں 34 لاکھ لوگ بے گھر ہیں جن میں سے نصف سے زیادہ خواتین اور لڑکیاں ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ جبری نقل مکانی ، بے گھر ہونے والی خواتین اور لڑکیوں کے خلاف تشدد کے خطرات کو بڑھا دیتی ہے۔