تہران :فرانسیسی میگزین چارلی ہیڈو میں ایرانی سپریم لیڈر کے کارٹون کی اشاعت کے خلاف مظاہرہ
تہران میں فرانسیسی سفارت خانے کے باہر سخت گیرمؤقف کے حامل افراد کے ایک گروپ نےطنزیہ میگزین چارلی ہیبڈو کے کارٹون کے خلاف بدھ کے روز احتجاج کیا۔اس میگزین میں ایران کے حکمراں علما کی توہین کی گئی ہے۔ اسی طرح کا احتجاج اتوار کو بھی کیا گیا تھا۔
میگزین نے منگل کو سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ کے مزیدمضحکہ خیز کارٹون شائع کیے ہیں۔
خامنہ ای کو پوری دنیا میں لاکھوں شیعہ افراد کے روحانی پیشوا کے طور پر جانا جاتا ہے۔
چارلی ہیبڈو کی اسلامی شخصیات کے خاکے شائع کرنے کی ایک طویل تاریخ ہے اور ناقدین اسے مسلمانوں کی توہین قرار دیتے ہیں۔
القاعدہ کے فرانسیسی نژاد دو انتہا پسندوں نے 2015 میں اخبار کے دفتر پر حملہ کیا تھاجس میں بارہ کارٹونسٹ ہلاک گئے تھے اور یہ گزشتہ برسوں میں دیگر حملوں کا نشانہ بھی رہا ہے۔
روس نے یوکرین میں جاری جنگ کا کمانڈر تبدیل کر دیا
روس کے ایک اعلیٰ فوجی افسر کو بدھ کے رو یوکرین میں لڑنے والے فوجیوں کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
یہ اقدام یوکرین میں روسی فوج کی موجودہ قیادت کی ناقص کارکردگی کے متعلق ماسکو کے عدم اطمینان کو ظاہر کرتا ہے۔
روس کی وزارت دفاع نے بدھ کو کہا کہ جنرل ویلری گیراسیموف کو یوکرین میں افواج کا نیا کمانڈر نامزد کیا گیا ہے۔وہ روسی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف ہیں۔
ان سے پہلے کمانڈر جنرل سرگئی سرووکین یہ فرائض انجام دے رہے تھے ۔
وہ دو دیگر جرنیلوں کے ساتھ اب گراسیموف کے نائب کی حیثیت سے کام کریں گے ۔
یہ تبدیلی اس بات کا اشارہ ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن کو اب بھی اپنے اعلیٰ فوجی رہنماؤں پر اعتماد ہے جنہیں یوکرین جنگ میں فوجیوں کی کارکردگی پر بھرپور تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
چین کووڈ کیسز کے درست اعداد و شمار فراہم نہیں کر رہا: عالمی ادارہ صحت
عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او نے بدھ کو چین سے کووڈ کےکیسز میں اضافے کے بارے میں مزید معلومات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔
ڈبلیو ایچ او کو اب بھی یقین ہے کہ چین سے اموات کی درست اطلاع نہیں دی جاتی ہے۔
ڈبلیو ایچ او کے ایمرجنسی ڈائریکٹر مائیکل ریان نے صحافیوں کو بتایا کہ ڈاکٹروں اور صحت عامہ کے نظام میں رپورٹ کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کی جائے کہ وہ ان کیسوں کی رپورٹ کریں ۔
ریان نے انتہائی نگہداشت کے یونٹوں میں مختص بستروں کی تعداد بڑھانے اور علاج کے شروع میں اینٹی وائرل استعمال کرنےپر چین کی کوششوں کی تعریف کی۔
چین کی جانب سے اعداد و شمار کی کمی کی وجہ سے متعدد ممالک کو چینی مسافروں کی جانچ کی شرط رکھنا پڑی ہے۔
ریان نے کہا کہ اصل اعداد و شمار کی عدم موجودگی کی وجہ سے ان ممالک نے احتیاطی رویہ اپنانے کا فیصلہ کیا ہے اور ایسے حالات میں ان ممالک کا رویہ قابل فہم ہے۔
اقوام متحدہ افغانستان میں خواتین کے حقوق کی پامالی روکے: ایمنسٹی انٹرنیشنل
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ افغانستان پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے بند کمرے کے اجلاس میں اس بات پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے کہ طالبان کی طرف سے خواتین اور لڑکیوں پر کام، تعلیم، کھیلوں اور عوامی مقامات تک رسائی پر پابندی کو کیسے واپس لیا جائے۔
24 دسمبر 2022 کوطالبان نے تمام مقامی اور غیر ملکی این جی اوز کو حکم دیا کہ وہ خواتین کو ملازمت نہ دیں۔20 دسمبر کو انہوں نے تمام یونیورسٹیوں کو حکم دیا کہ وہ اگلے نوٹس تک خواتین طالبات کے داخلے نہ کریں۔
نومبر 2022 میں خواتین کو ملک میں پارکوں اورجسمانی ورزش کے مراکز میں داخلے کے حق سے محروم کر دیا گیا۔
طالبان کے قبضے کے بعد سے خواتین کو کھیلوں میں حصہ لینے سے روک دیا گیا ہےجب کہ لڑکیوں کے سیکنڈری اسکولوں کو ملک بھر میں بند کر دیا گیا ہے۔
اس لیے یہ ضروری ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل افغانستان میں خواتین اور لڑکیوں کے حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکے ۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جنوبی ایشیا کے لیے ریجنل ڈائریکٹر یامینی مشرا نے کہا کہ دنیا دیکھ رہی ہے کہ طالبان منظم طریقے سے خواتین کے حقوق کو گزشتہ چند مہینوں کے دوران متعدد امتیازی پابندیوں کے ذریعے ختم کرنے کی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔