یورپی یونین کے دروازے طالبان حکام اور افغانوں سے بات چیت کے لیے کھلے ہیں۔ ٹامس نکلسن
افغانستان کے لیے یورپی یونین کے خصوصی ایلچی ٹامس نکلسن نے افغانستان کے ایک ہفتے کے طویل دورے کے بعد دوحہ واپسی پر ٹویٹس کے ایک سلسلےمیں کہا کہ یورپی یونین کے دروازے طالبان حکام اور دیگر افغانوں کے ساتھ ملک کے اندر اور بیرون ملک بات چیت کے لیے کھلے ہیں۔
امید ہے کہ وہ حل تلاش کرنے اور ایک پائیدار امن کے لیے تعاون کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ یورپی یونین افغانستان میں سفارتی اور انسانی بنیادوں پر اپنی موجودگی برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔
ہم افغانستان کے لوگوں کے ساتھ تعاون اور بات چیت کے لیے پرعزم ہیں۔
افغان کاروباری خواتین دبئی کے تجارتی میلے میں حصہ لیں گی
اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام یو این ڈٰی پی کا کہنا ہے کہ افغان کاروباری خواتین 16 مارچ کو اقوام متحدہ کے تعاون سے دبئی میں 3 روزہ نمائش کا انعقاد کریں گی۔
دبئی کا بین الاقوامی تجارتی میلہ 16 سے 18 مارچ تک منعقد ہو گا ۔
افغان خواتین اس دوران اپنی کارباری صلاحیتوں ، ہنر اور افغان فن و ثقافت کا مظاہرہ کریں گی ۔
افغانستان کے لیے ،اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندے ،سفیر طارق علی بخت جمعرات کو قندھار پہنچے اور انہوں نے طالبان کے وزیر خارجہ امیر متقی، صوبائی ڈپٹی گورنر حیات اللہ مبارک اور کئی دیگر سینئر حکام سے ملاقات کی۔
او آئی سی نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ میٹنگ کے دوران، انہوں نے افغانستان کی حمایت کے لیے تنظیم کے پیغام اور افغان طالبان حکام کی طرف سے لڑکیوں کی تعلیم اور خواتین کے کام کے حوالے سے کیے گئے حالیہ اقدامات پر نظرثانی کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔۔
عالمی شخصیات کا بنگلہ دیش سے ماہر معاشیات محمد یونس کو ہراساں نہ کرنے کا مطالبہ
دنیا کی کی کئی اہم اور نمایاں شخصیات نے بنگلہ دیش کی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نوبیل انعام یافتہ ماہرِ معیشت محمد یونس پر غیر منصفانہ حملوں اور انہیں ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کرے۔
اقوامِ متحدہ کے سابق سیکریٹری جنرل بان کی مون، امریکہ کی سابق وزیرِ خارجہ ہیلری کلنٹن، امریکہ کے سابق نائب صدر الگور اور مشہور گلوکار بونو سمیت چالیس شخصیات نے بنگلہ دیش کی حکومت کو ایک کھلا خط تحریر کیا ہے جس میں انہوں نے محمد یونس کے ساتھ برتاؤ پر تشویش ظاہر کی ہے۔
محمد یونس کے قائم کردہ مائیکرو فنانس بینک کو لاکھوں بنگلہ دیشیوں کو غربت سے نکالنے کا کریڈٹ دیا جاتا ہے۔
لیکن یونس اور ان کے قائم کردہ ادارے گزشتہ کئی برسوں سے وزیرِ اعظم شیخ حسینہ واجد کی حکومت کے زیرِ عتاب ہیں اور ان کے خلاف کرپشن سے متعلق مختلف الزامات پر تحقیقات جاری ہیں۔
موجودہ نظام کو کمزور کرنے والے کی سزا موت ہے: طالبان وزیر ندا محمد ندیم
طالبان کے اعلیٰ تعلیم کے وزیر ندا محمد ندیم نے قندھار میں ایک گریجویشن تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو بھی شخص کسی بھی طریقے سے موجودہ نظام کو کمزور کرنے کی کوشش کرتا ہے وہ غداری کا مرتکب ہوتاہے اور اس کی سزا موت ہے ۔
مقامی میڈیا نے بتایا کہ ندا احمد ندیم کا کہنا تھاکہ اگر آپ سخت مزاج ہیں اور اجنبیوں کے ایجنڈوں کی بنیاد پر افغانستان کے لوگوں کے لیے مسائل پیدا کرتے ہیں تو ہم آپ کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں اور ہم آپ کوپسپا کر دیں گے۔
ان کے اس بیان پر افغان سوشل میڈیا صارفین نے سخت رد عمل ظاہر کیا ہے اور متعددنے ان کے ریمارکس کی مذمت کی۔