رسائی کے لنکس

Shehbaz Sharif
Shehbaz Sharif

کسی کو ڈکٹیشن دینے کی ضرورت نہیں، الیکشن کب ہوں گے یہ فیصلہ پارلیمنٹ کو کرنا ہے: شہباز شریف

18:55 7.4.2022

شہباز شریف نے اپوزیشن رہنماؤں کو اپنی رہائش گاہ پر بلا لیا

سپریم کورٹ کی جانب سے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ پر فیصلہ سنائے جانے سے قبل شہباز شریف نے اپوزیشن رہنماؤں کو اپنے گھر بلا لیا ہے۔

حزب اختلاف کے رہنما سپریم کورٹ کا فیصلہ سننے کے بعد اپنی مشترکہ حکمت عملی مرتب کریں گے۔

سپریم کورٹ شام ساڑھے سات بجے ڈپٹی اسپیکر رولنگ کیس پر فیصلہ سنائے گی۔

جمعرات کو عدالت میں اپوزیشن رہنماؤں نے سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ تین اپریل کے اقدامات کو کالعدم قرار دے کر پارلیمنٹ کو بحال کرے۔

19:43 7.4.2022

سپریم کورٹ کے باہر سیکیورٹی مزید سخت

پاکستان کی سیاسی تاریخ میں اہم نوعیت کے فیصلے سے قبل سپریم کورٹ کے باہر سیکیورٹی مزید بڑھا دی گئی ہے۔

اسلام آباد پولیس کے علاوہ ایف سی کے اہل کار بھی سپریم کورٹ کی عمارت کے باہر فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

20:42 7.4.2022

سپریم کورٹ نے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ غیر آئینی قرار دیتے ہوئے قومی اسمبلی بحال کر دی

چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں پانچ رُکنی بینچ نے تین اپریل کی ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے قومی اسمبلی بحال کر دی ہے۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں قومی اسمبلی کا اجلاس نو اپریل کو بلانے اور عدمِ اعتماد پر ووٹنگ کرانے کا حکم دیا ہے۔

سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ نے متفقہ فیصلہ سنایا ہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اسمبلی کی تحلیل غیر آئینی تھی، لہذٰا اسمبلی کو بحال کر دیا گیا ہے۔

سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ تمام وزرا اپنے عہدوں پر بحال کر دیے گئے ہیں۔

عدالتی فیصلے میں اسپیکر قومی اسمبلی کو حکم دیا گیا ہے کہ نو اپریل کو تحریکِ عدم اعتماد پر ووٹنگ سے کسی رکن کو نہ روکا جائے۔

20:51 7.4.2022

یہ جمہوریت اور عوام کی فتح ہے: سپریم کورٹ کے فیصلے پر اپوزیشن کا ردِعمل

سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردِعمل دیتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ملک میں جمہوریت کی فتح ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ جمعے کو ملک بھر میں اب یوم تحفظ آئینِ پاکستان کے بجائے یومِ تشکر منایا جائے گا۔

قومی اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج سپریم کورٹ نے پاکستان کے آئین کو بچا لیا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کی عدلیہ نے اپنی آزادی کو چار چاند لگائے ہیں۔ عدالت نے متفقہ فیصلہ دے کر پارلیمنٹ کی خود مختاری کو مضبوط کیا ہے اور آئین کے تقدس کو بحال کیا ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG