جنرل باجوہ بیان جاری کریں کہ وہ آئین، جمہوریت اور سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑے ہیں: مصطفیٰ نواز کھوکھر
تحریکِ عدم اعتماد پر ووٹنگ میں تاخیر، سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ کھولنے کی ہدایت
وزیرِ اعظم پاکستان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد پر ووٹنگ میں تاخیر کے بعد چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے عدالت کھولنے کی ہدایت کر دی ہے۔
مقامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ کو بھی کھولا جا رہا ہے۔
دوسری جانب وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ختم ہو گیا ہے جس میں اطلاعات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے وزرا کے ساتھ استعفے پر مشاورت کی، تاہم بیشتر وزرا نے عمران خان کو استعفیٰ نہ دینے کا مشورہ دیا ہے۔
سپریم کورٹ نے سات اپریل کو اپنے فیصلے میں اسپیکر قومی اسمبلی کو حکم دیا تھا کہ وہ نو اپریل کو ہر حال میں تحریکِ عدم اعتماد پر ووٹنگ کرائیں۔ تاہم نو اپریل کو بلائے گئے اجلاس میں اسپیکر تحریکِ عدم اعتماد پر ووٹنگ سے گریز کرتے رہے۔
اپوزیشن رہنما تمام دن اسپیکر سے مطالبہ کرتے رہے کہ وہ عدالتی حکم پر عمل کرتے ہوئے تحریکِ عدم اعتماد پر ووٹںگ کرائیں۔
مسلم لیگ (ن) نے ووٹںگ میں تاخیر پر سپریم کورٹ سے رُجوع کر لیا
مسلم لیگ (ن) نے سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود تحریکِ عدم اعتماد پر ووٹنگ نہ ہونے پر عدالت میں درخواست دائر کر دی ہے۔
درخواست مسلم لیگ (ن) کے رہنما اعظم نذیر ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالتی حکم کے باوجود نو اپریل کو قومی اسمبلی میں تحریک اعتماد پر ووٹنگ نہیں کرائی گئی۔ لہذٰا عدالت عمل درآمد کے لیے حکم جاری کرے۔
پی ٹی آئی رہنما کا رات بارہ بجے سب کچھ منظرِ عام پر آنے کا دعویٰ
پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے رات بارہ بجے کے بعد بہت کچھ منظر عام پر آنے کا دعویٰ کیا ہے۔
فیصل واوڈا نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ آج رات 12 بجے، جیسے ہی گھڑی کی سوئی 12 بجائے گی، بہت کچھ منظر عام پر آ جائے گا۔
انہوں نے یہ وضاحت نہیں کی کہ کیا منظر عام پر آ جائے گا۔
واضح رہے کہ ملک میں کشیدہ سیاسی صورتِ حال کے سبب کئی افواہیں گردش کر رہی ہیں۔