رسائی کے لنکس

Shehbaz Sharif
Shehbaz Sharif

کسی کو ڈکٹیشن دینے کی ضرورت نہیں، الیکشن کب ہوں گے یہ فیصلہ پارلیمنٹ کو کرنا ہے: شہباز شریف

15:18 11.4.2022

نئے وزیرِ اعظم کے انتخاب کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس شروع

پاکستان کے 23 ویں وزیرِ اعظم کے انتخاب کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہو گیا ہے جس کی صدارت قائم مقام اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کر رہے ہیں۔

نئے قائدِ ایوان کے انتخاب کے لیے متحدہ اپوزیشن کی جانب سے شہباز شریف جب کہ تحریکِ انصاف کی جانب سے شاہ محمود قریشی اُمیدار ہیں۔

15:29 11.4.2022

بیرونی سازش پر مبنی مراسلہ چیف جسٹس کو بھجواؤں گا: قاسم سوری

نئے قائدِ ایوان کے انتخاب سے قبل قومی اسمبلی کے قائم مقام اسپیکر قاسم سوری نے ایک بار پھر عمران خان کی حکومت کو نکالنے کے لیے مبینہ غیر ملکی سازش کا تذکرہ کر دیا۔

قاسم سوری نے مبینہ غیر ملکی مراسلہ بھی قومی اسمبلی میں لہرایا اور کہا کہ اس مراسلے کی قومی سلامتی کونسل نے بھی تصدیق کی۔

قائم مقام اسپیکر نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے یہ مراسلہ ڈی کلاسیفائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ لہذٰا وہ یہ مراسلہ چیف جسٹس آف پاکستان کو بھجوائیں گے۔

15:33 11.4.2022

قومی اسمبلی کا اجلاس: آرڈر آف دی ڈے میں وزیرِ اعظم کا انتخاب سرِفہرست

15:40 11.4.2022

'آج کوئی کامیاب ہو گا اور کوئی آزاد'

وزیرِ اعظم کے انتخاب کے لیے بلائے گئے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے تحریکِ انصاف کے وزارتِ عظمیٰ کے اُمیدوار شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج کوئی جیت کر بھی ہار جائے گا اور کوئی ہار کر بھی جیت جائے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ آج جو جماعتیں ہمارے خلاف ایک ہیں ماضی میں وہ ایک دوسرے کے خلاف سرگرم رہی ہیں۔ یہ ایک غیر فطری اتحاد ہے اور ان میں کوئی نظریاتی ہم آہنگی نہیں ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن کے والد مفتی محمود کو اسی اسمبلی سے زبردستی باہر نکال دیا گیا۔ ایک جماعت نے محترمہ بے نظیر بھٹو کی کردار کشی کی۔

سابق وزیرِ خارجہ بولے کہ آج عمران خان نے جو فیصلہ کیا وہ ذوالفقار علی بھٹو کی سوچ کی عکاسی کرتا ہے کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ اتوار کی شب پاکستان کے طول و عرض میں ہونے والے مظاہروں میں عوام نے بتا دیا کہ طاقت کس کے پاس ہے۔ عمران خان نے قوم کو سر اُٹھا کر جینے کا درس دیا ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG