رسائی کے لنکس

Shehbaz Sharif
Shehbaz Sharif

کسی کو ڈکٹیشن دینے کی ضرورت نہیں، الیکشن کب ہوں گے یہ فیصلہ پارلیمنٹ کو کرنا ہے: شہباز شریف

15:48 11.4.2022

شہباز شریف کو مسلط کیا جا رہا ہے، قوم کا مینڈیٹ ان کے پاس نہیں ہے: شاہ محمود قریشی

سابق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو بطور وزیرِ اعظم قوم پر مسلط کیا جا رہا ہے ان کے پاس عوام کا مینڈیٹ نہیں ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ جو وزیرِ اعظم منتخب ہونے جا رہا ہے آج لاہور میں اس کی پیشی تھی۔ اب وہ دباؤ ڈال کر اپنے اوپر دائر کیسز ختم کرائیں گے۔

سابق وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ سننے میں آ رہا ہے کہ بلاول بھٹو کو وزیرِ خارجہ بنایا جا رہا ہے۔ اگر ایسا ہوا تو یہ ذوالفقار علی بھٹو کے نواسے اور بے نظیر بھٹو کے بیٹے کو نہیں سجے گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ آج ہم جمہوریت کا نیا رُوپ دیکھ رہے ہیں کہ باپ وزیرِ اعظم اور بیٹا وزیرِ اعلٰی بن رہا ہے۔

16:09 11.4.2022

تحریکِ انصاف نے وزیرِ اعظم کے انتخاب کا بائیکاٹ کر دیا، اسمبلی سے مستعفی ہونے کا اعلان

تحریکِ انصاف نے قومی اسمبلی میں قائدِ ایوان کے انتخاب کی کارروائی کا بائیکاٹ کرتے ہوئے اسمبلی سے مستعفی ہونے کا بھی اعلان کر دیا ہے۔

سابق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب وزارتِ عظمیٰ کے اُمیدوار نہیں ہیں اور اُن سمیت دیگر اراکین قومی اسمبلی مستعفی ہو رہے ہیں۔

شاہ محمود قریشی کے اعلان کے بعد تحریکِ انصاف کے اراکین ایوان سے باہر چلے گئے۔

بعدازاں قائم مقام اسپیکر قاسم سوری نے بھی اجلاس کی کارروائی آگے بڑھانے سے انکار کرتے ہوئے پینل آف چیئرمین میں شامل سردار ایاز صادق کو اجلاس کی کارروائی آگے بڑھانے کا کہا۔

16:24 11.4.2022

گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان اپنے عہدے سے مستعفی

تحریکِ انصاف کی جانب سے قومی اسمبلی کی رُکنیت سے مستعفی ہونے کے بعد گورنر خیبرپختونخوا نے بھی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

ترجمان گورنر ہاؤس کے مطابق شاہ فرمان نے اپنا استعفیٰ صدرِ مملکت عارف علوی کو بھجوا دیا ہے۔

16:53 11.4.2022

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ایک ہی روز میں ریکارڈ 1700 پوائنٹس کا اضافہ

پاکستان میں اتوار کو عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کامیاب ہونے اور سیاسی غیر یقینی میں کمی آنے کے بعد آج بازار حصص میں بھی تیزی دیکھی گئی۔ کاروباری ہفتے کے پہلے روز ہی پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 1700پوائنٹس سے زائد کا ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا جو ایک ہی روز میں ہونے والا سب سے بڑا اضافہ ہے۔

کاروبار کے اختتام پر پاکستان اسٹاک مارکیٹ 100 انڈیکس 46 ہزار 145 پوائنٹس کے لیول پر بند ہوا۔ اس سے قبل مارکیٹ نے جون 2017 میں 1566 پوائنٹس کا اضافہ ایک ہی روز میں دیکھا تھا۔ جب کہ مارکیٹ کے حجم میں ایک ہی روز میں 3.8 فی صد کا اضافہ دیکھا گیا ہے۔

دوسری جانب شرح سود میں اضافے اور سیاسی منظر نامہ کسی حد تک بہتر ہونے کی وجہ سے ملک میں امریکی ڈالر کی مانگ میں بھی کمی آئی ہے جس سے پاکستانی روپے کی قدر میں بھی مسلسل بہتری دیکھی جا رہی ہے۔

انٹر بینک میں اس وقت ایک امریکی ڈالر کی قیمت 182 روپے 93 پیسے ہو گئی ہے۔ یاد رہے کہ 7 اپریل کو اوپن مارکیٹ میں ایک امریکی ڈالر کی قیمت 190 روپے 50 پیسے بھی ریکارڈ کی گئی تھی۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG