میاں محمد شہباز شریف 174 ووٹ لے کر 23ویں وزیرِ اعظم منتخب
مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیرِ اعلٰی پنجاب شہباز شریف قومی اسمبلی سے 174 ووٹ لے کر پاکستان کے 23 ویں وزیرِ اعظم منتخب ہو گئے ہیں۔
اگر ثابت ہو گیا کہ بیرونی سازش کا حصہ بنا ہوں تو فوری مستعفی ہو جاؤں گا: نومنتخب وزیرِ اعظم شہباز شریف
نو منتخب وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ وہ عمران خان کی حکومت کو ہٹانے کے لیے مبینہ بیرونی سازش کا معاملہ پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی میں لائیں گے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ان کیمرہ اجلاس میں مسلح افواج کے سربراہان اور خط لکھنے والے سفیر بھی شریک ہوں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ اگر شائبہ ملا کہ ہم بیرونی سازش کا شکار ہوئے اور اگر ہمارا اس میں ملوث ہونا ثابت ہوا تو وزارتِ عظمیٰ سے فوری مستعفی ہو جائیں گے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کروڑوں پاکستانیوں کی دعاؤں کی وجہ سے آج پاکستان کو بچا لیا گیا ہے۔ آج پہلا موقع ہے کہ تحریکِ عدم اعتماد کامیاب ہوئی۔ حق کی جیت ہوئی اور باطل کو شکست ہوئی۔
اُن کا کہنا تھا کہ آج اس سے بڑھ کر خوشی کی کیا بات ہو سکتی ہے کہ روپیہ ڈالر کے مقابلے میں آٹھ روپے اُوپر گیا ہے۔
نومنتخب وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وہ اپنی اور پورے ایوان کی جانب سے سپریم کورٹ کو مبارک باد پیش کرتے ہیں جنہوں نے آئینی شکنی اور نظریہ ضرورت کو ہمیشہ کے لیے دفن کر دیا۔
نومنتخب وزیرِ اعظم کا کم سے کم اُجرت 25 ہزار کرنے کا اعلان
نومنتخب وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کم سے کم اُجرت 25 ہزار روپے جب کہ ایک لاکھ سے کم تنخواہ والے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فی صد اضافے کا اعلان کیا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سول اور ملٹری ریٹائرڈ ملازمین کی پینشنز میں بھی 10 فی صد اضافہ کیا جائے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ رمضان میں سستے آتے کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
نومنتخب وزیرِ اعظم نے بے نظیر انکم اسپورٹ کارڈ بھی دوبارہ بحال کرنے کا اعلان کر دیا۔
امریکہ کے ساتھ برابری کی سطح تعلقات رکھنے کے خواہش مند ہیں: نو منتخب وزیرِ اعظم شہباز شریف
نو منتخب وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات رکھنا چاہتا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ امریکہ کے ساتھ ہمارے تعلقات میں اُتار چڑھاؤ آتے رہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں، لیکن مسئلہ کشمیر کے حل تک پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔
شہباز شریف بولے کہ کشمیری عوام کی ہر فورم پر اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔
اُں کا کہنا تھا کہ وہ نریندر مودی کو یہ مشورہ دیں گے کہ دونوں ممالک میں موجود غربت کو ختم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات، قطر اور سعودی عرب سمیت تمام خلیجی ریاستوں کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ افغانستان میں حالات خراب ہوئے تو اس کا اثر پاکستان پر بھی پڑے گا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ افغان عوام کی بہتری کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔