رسائی کے لنکس

Shehbaz Sharif
Shehbaz Sharif

کسی کو ڈکٹیشن دینے کی ضرورت نہیں، الیکشن کب ہوں گے یہ فیصلہ پارلیمنٹ کو کرنا ہے: شہباز شریف

18:18 11.4.2022

پنجاب کا سیاسی بحران: لاہور ہائی کورٹ کی ڈپٹی اسپیکر کو اُن کے چیمبر تک پہنچانے کی ہدایت

لاہور ہائی کورٹ نے رجسٹرار ہائی کورٹ سے صوبائی اسمبلی میں توڑ پھوڑ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر کو اُن کے چیمبر تک پہنچانے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے قرار دیا کہ ڈپٹی اسپیکر کے کیا اختیارات ہیں اور وہ کیا اختیارات استعمال کر سکتے ہیں۔ اِس کا فیصلہ 12 اپریل کو کیا جائے گا۔

عدالتِ عالیہ لاہور کے چیف جسٹس امیر حسین بھٹی نے وزیر اعلٰی پنجاب کا الیکشن کرانے کے لیے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسبلی دوست محمد مزاری اور حمزہ شہباز کی جانب سے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔

عدالت نے تمام فریقوں کو ہدایت کی کہ آپس میں بیٹھ کر معاملات کو حل کر لیں۔ رولز کے مطابق الیکشن کی تاریخ ملتوی نہیں ہو سکتی۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ کوشش کریں کہ عدالت کو مداخلت نہ کرنی پڑے۔

سماعت کے دوران حمزہ شہباز کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے عدالت کو بتایا کہ پنجاب اِس وقت بغیر چیف ایگزیکٹو کے چل رہا ہے۔ صوبے کا کوئی آئینی وزیراعلٰی نہیں ہے۔ عثمان بزدار کے استعفٰی سے وزیراعلٰی کا عہدہ خالی ہے۔

سیکریٹری اسمبلی نے عدالت کو مزید بتایا کہ تین اپریل کو قائد ایوان کے اجلاس کے دوران ہنگامہ آرائی کے باعث اجلاس کو چھ اپریل تک ملتوی کیا گیا۔ جسے بعد ازاں نقصان کے باعث 16 اپریل تک ملتوی کیا گیا۔

عدالت نے استفسار کیا کہ ڈپٹی اسپیکر کے اختیارات واپس کیوں لیے گئے؟ اِس موقع پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ ڈپٹی اسپیکر نے اجلاس ایک نجی میں بلایا۔ جس پر حمزہ شہباز کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے عدالت کو بتایا کہ وہ اجلاس نہیں تھا، سیاسی لوگ افطاری کے لیے اکٹھے ہوئے تھے۔

پرویز الٰہی کے وکیل علی ظفر نے عدالت سے استدعا کی کہ سماعت منگل کے روز تک ملتوی کی جائے جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ آج ہی مناسب فیصلہ دیں گے۔

19:15 11.4.2022

صدرِ مملکت کی طبیعت ناساز، نو منتخب وزیرِ اعظم سے چیئرمین سینیٹ حلف لیں گے

ایوانِ صدر کے ترجمان کے مطابق صدرِ مملکت علیل ہو گئے ہیں اور ڈاکٹرز نے اُن کے معائنے کے بعد چند روز آرام کو مشورہ دیا ہے۔

صدرِ مملکت کی علالت کے باعث چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نو منتخب وزیرِ اعظم شہباز شریف سے اُن کے عہدے کا حلف لیں گے۔

23:31 11.4.2022

مودی کی شہباز شریف کو مبارکباد، "بھارت امن و خوش حالی کا خواہاں"

وزیر اعظم نریندر مودی
وزیر اعظم نریندر مودی

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے پاکستان کے نومنتخب وزیر اعظم، شہباز شریف کو مبارکباد دی ہے، جنھوں نے کچھ ہی دیر قبل اپنے عہدے کا حلف اٹھایا ہے۔

اپنی ایک ٹوئیٹ میں مودی نے کہا ہے کہ ''بھارت دہشت گردی سے پاک خطے میں امن اور خوش حالی کا خواہاں ہے''۔

بقول ان کے، ''پاکستان کے وزیر اعظم کے انتخاب پر میں محمد شہبار شریف کو مبارکباد دیتا ہوں۔ بھارت دہشت سے پاک خطے میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے، تاکہ ہم ترقی کو لاحق چیلنجوں پر دھیان مرکوز کر سکیں اور اپنے عوام کی بھلائی اور خوش حالی یقینی بنا سکیں''۔

03:11 12.4.2022

جمہوری پاکستان امریکی مفادات کے لیے اہم ہے، وائٹ ہاؤس

جین ساکی (فائل فوٹو)
جین ساکی (فائل فوٹو)

پاکستان میں شہباز شریف کے وزیرِ اعظم کا عہدہ سنبھالنے پر وائٹ ہاؤس نے امریکہ اور پاکستان کے درمیان طویل المدت تعلقات میں تسلسل کا عندیہ دیا ہے۔

وائٹ ہاؤس میں معمول کی بریفنگ کے دوران پریس سیکریٹری نے پاکستان میں عمران خان کی حکومت ختم ہونے اور نئے وزیرِ اعظم شہباز شریف کے بر سرِ اقتدار آنے کے بعد پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا ،"ہم آئینی اور جمہوری اقدار کی پرامن طریقے سے بالادستی کی حمایت کرتے ہیں۔ ہم کسی ایک سیاسی جماعت کی دوسری کے مقابلے میں حمایت نہیں کرتے''۔

جین ساکی نے مزید کہا کہ ''اور ہم یقیناً قانون کی پاسداری اور قانون کے تحت برابر انصاف کے اصولوں کی تائید کرتے ہیں۔ ہم پاکستان کے ساتھ اپنے طویل تعاون کی قدر کرتے ہیں اور ہم نے ہمیشہ ایک خوشحال اور جمہوری پاکستان کو امریکی مفادات کے لیے بھی اہم سمجھا ہے۔ اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی خواہ اقتدار میں کوئی بھی ہو۔ ہم ان سے مختلف سطح پر قریبی رابطے میں رہتے ہیں۔"

پاکستان کے نئے وزیرِ اعظم کے لیے مستقبل میں صدر بائیڈن کی فون کال کے امکان سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے جین ساکی نے کہا کہ،"میں فی الحال اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتی۔ یہ فیصلے روزانہ کی بنیاد پر کئے جاتے ہیں۔ پاکستان کے ساتھ ہمارے طویل المدت اور مضبوط تعلقات ہیں۔ سیکیورٹی سے متعلق بھی ہمارے تعلقات ہیں جو پاکستان میں نئی قیادت آنے کے بعد بھی جاری رہیں گے۔ "

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG