شہباز شریف کا بطور وزیرِ اعظم پہلا انتظامی حکم جاری
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اپنے پہلے انتظامی حکم کے طور پر توقیر شاہ کو اپنا پرنسپل سیکرٹری مقرر کر دیا ہے۔
وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد شہباز شریف نے کابینہ کی تشکیل کے لیے اتحادی جماعتوں سے مشاورت کا آغاز کردیا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ سابقہ متحدہ اپوزیشن میں شامل تمام جماعتوں کو وفاقی کابینہ میں شامل کیا جائے گا۔
ابتدائی طور پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ کے دور میں اپنے ساتھ بطور پرنسپل سیکریٹری کام کرنے والے ڈاکٹر توقیر شاہ کی خدمات اب وفاق میں حاصل کر لی ہیں۔
ڈاکٹر توقیر شاہ کی وزیر اعظم کے پرنسپل سیکریٹری کے طور پر تعیناتی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کا اطلاق فوری طور پر کیا گیا ہے۔
شہباز شریف: لاہور کی کاروباری شخصیت سے وزارتِ عظمیٰ تک کا سفر
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد شہباز شریف پاکستان کے 23 ویں وزیرِ اعظم منتخب ہوئے ہیں۔
لاہور میں 23 ستمبر 1951 کو آنکھ کھولنے والے شہباز شریف نے لاہور میں ہی ابتدائی تعلیم حاصل کی اور لاہور کی گورنمنٹ کالج یونیورسٹی سے گریجویشن کی۔
اپنے بڑے بھائی اور تین مرتبہ ملک کے وزیرِ اعظم رہنے والے میاں محمد نواز شریف کے 1980 کی دہائی میں سیاست میں آنے کے دوران ابتداً شہباز شریف اپنے والد کے کاروبار اتفاق فاؤنڈریز کی دیکھ بھال کرتے رہے۔
پاکستان میں اقتدار کی تبدیلی، بھارت کو نئی حکومت سے کیا امید ہو سکتی ہے؟
بھارت پاکستان میں عمران خان کی حکومت کے خاتمے اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے وزیرِ اعظم کے منصب پر فائز ہونے کی سرگرمیوں پرگہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ مبصرین کے مطابق بھارت محتاط انداز میں تعلقات میں بہتری کی امید کر رہا ہے۔
حکومت کے ساتھ ساتھ ذرائع ابلاغ کے ادارے بھی اسلام آباد کے حالات کو بغور دیکھ رہے ہیں۔ بھارت کے بیشتر نیوز چینلز پر پورا پورا دن پاکستان کی صورتِ حال پر مباحثے ہو رہے ہیں۔
ان مباحثوں میں نہ صرف بھارت بلکہ پاکستان کے مبصرین کو بھی شامل کیا جا رہا ہے اور وہ بھی وہاں کی تازہ ترین صورتِ حال کا جائزہ پیش کر رہے ہیں۔ بعض نیوز چینلز پر پاکستانی نشریاتی اداروں کی رپورٹس بھی دکھائی جا رہی ہیں۔
نئی دہلی میں مبصرین کے مطابق پاکستان میں اقتدار کی تبدیلی سے بھارت اور پاکستان کے درمیان سفارتی سرگرمیوں کا آغاز ہو سکتا ہے اور اس تبدیلی کے دور رس اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ کثیر الاشاعت انگریزی روزنامہ ’انڈین ایکسپریس‘ سمیت کئی اخباروں نے بھی ایسے ہی اداریےلکھے ہیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کو گارڈ آف آنر پیش
نومنتخب وزیرِ اعظم شہباز شریف منگل کی صبح وزیرِ اعظم ہاؤس پہنچے تو انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا جس کے بعد انہوں نے وزیرِ اعظم ہاؤس میں امور سنبھال لیے ہیں۔