رسائی کے لنکس

Shehbaz Sharif
Shehbaz Sharif

کسی کو ڈکٹیشن دینے کی ضرورت نہیں، الیکشن کب ہوں گے یہ فیصلہ پارلیمنٹ کو کرنا ہے: شہباز شریف

12:09 18.4.2022

نواز شریف کے مبینہ ڈپلومیٹک پاسپورٹ کے خلاف دائر درخواست خارج

فائل فوٹو
فائل فوٹو

‏اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کو مبینہ طور پر حکومت کی جانب سے ڈپلومیٹک پاسپورٹ کے اجرا کے خلاف دائر درخواست ناقابلِ سماعت قرار دے کر خارج کر دی ہے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست پر سماعت کے دوران درخواست گزار سے استفسار کیا کہ وفاقی حکومت نے کونسا آرڈر پاس کیا جس کو چیلنج کیا ہے؟

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ میڈیا پر چل رہا ہے کہ حکومت نواز شریف کو ڈپلومیٹک پاسپورٹ جاری کرنے کا ارادہ رکھتی ہے،اگر وقت دیا جائے تو ہم حکومت سے آرڈر حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ اس درخواست کو ریپریزنٹیشن بنا کر وفاقی حکومت کو بھیج دیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ‏اگر کوئی اشتہاری ہے تو اس سے متعلق قانون موجود ہے وہ اپنا راستہ خود بنائے گا۔ کیوں نا آپ کی درخواست جرمانے کے ساتھ خارج کی جائے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے درخواست گزار وکیل پر غیر ضروری درخواست دائر کرنے کی وجہ سے پانچ ہزار روپے جرمانہ عائد کر کے درخواست خارج کر دی۔

12:20 18.4.2022

اورنج لائن میٹرو بس کا افتتاح

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے وفاقی دارالحکومت میں پشاور موڑ سے نیو اسلام آباد ایئر پورٹ تک اورنج لائن میٹرو بس سروس کا افتتاح کر دیا ہے۔

حکام کے مطابق اورنج لائن میٹرو بس سے 50 ہزار شہریوں کو یومیہ معیاری سفری سہولت میسر آئے گی۔

14:28 18.4.2022

’ نیا وزیرِ اعظم کسی کو فون کرکے نہیں کہتا کہ کسی کے خلاف مقدمات بناو‘

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ہم تشدد کی ترغیب نہیں دیں گے اور تشدد کے جواب میں تشدد نہیں کریں گے۔

قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ نیا وزیرِ اعظم کسی کو فون کرکے نہیں کہتا کہ کسی کے خلاف مقدمات بناو۔

عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی بھی ایوان میں آنا مناسب نہیں سمجھا۔

14:44 18.4.2022

صدر کی سرفراز چیمہ کو گورنر پنجاب کے طور پر خدمات جاری رکھنے کی ہدایت

صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو اپنے عہدے پر کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اتوار کو صدر پاکستان کو گورنر پنجاب کو برطرف کرنے کی سمری ارسال کی تھی۔

ایوانِ صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق صدر عارف علوی نے کہا ہے کہ گورنر پنجاب برطرفی کی سمری پر فیصلہ ہونے تک اپنے فرائض انجام دیتے رہیں۔

قبل ازیں پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ صدر عارف علوی نے گورنر پنجاب کو عہدے سے ہٹائے جانے کی تردید کی ہے۔

فواد چوہدری نے دعویٰ کیا تھا کہ گورنر کو ہٹانے کا اختیار صدر مملکت کے پاس ہے۔ ان کے دفتر گورنر کو ہٹانے کی کوئی سمری نہیں پہنچی۔ لہٰذا عمر چیمہ گورنر پنجاب کے طور پر خدمات انجام دیتے رہیں گے۔

گزشتہ روز پریس کانفرنس میں بھی گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا تھا کہ جب تک ان کو صدر کا نوٹیفیکیشن نہیں ملتا وہ اس عہدے پر کام کرتے رہیں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پنجاب کے نومنتخب وزیرِ اعلیٰ حمزہ شہباز کی تقریب حلف برداری بھی ہونی تھی تاہم گورنر پنجاب نے یہ تقریب مؤخر کر دی تھی۔

انہوں نے پنجاب اسمبلی میں وزیرِ اعلیٰ کے انتخاب کے دوران ڈپٹی اسپیکر کے غیر جانب دار نہ ہونے کا الزام لگایا ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق شہباز شریف سے گورنر کے حلف نہ لینے پر مسلم لیگ (ن) نے عدالت سے رجوع کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG