صدر عارف علوی نے گورنر سندھ کا استعفیٰ منظور کر لیا
صدر پاکستان عارف علوی نے سندھ کے گورنر عمران اسمٰعیل کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے۔
ایوان صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق عمران اسمٰعیل کا استعفیٰ 17 اپریل کو منظور کیا گیا۔ البتہ اس کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن 18 اپریل کو جاری کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گورنر کی عدم موجودگی میں سندھ اسمبلی کے اسپیکر قائم مقام گورنر ہوں گے۔
اس وقت سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی ہیں جو اب قائم مقام گورنر کے فرائض بھی انجام دیں گے۔
کابینہ کا معاملہ حل ہو گیا، وزرا آج حلف اٹھائیں گے: خواجہ آصف
مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی کابینہ کا معاملہ حل ہو گیا ہے اور وزرا منگل کو اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیں گے۔
خواجہ آصف نے مقامی ٹی وی چینل جیو نیوز کے پروگرام 'آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں' بات کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو وزیرِ خارجہ اور مفتاح اسماعیل کو وزیرِ خزانہ کا قلمدان دیا جائے گا۔
خواجہ آصف کے مطابق رانا ثنااللہ کو وزیرِ داخلہ، احسن اقبال کو منصوبہ بندی، اعظم نذیر تارڑ کو وزارتِ قانون اور ایاز صادق کو اقتصادی امور کا قلمدان دینے کا فیصلہ ہوا ہے۔
پاکستان کی نئی حکومت کی کابینہ میں کس جماعت کے پاس کتنے عہدے ہوں گے؟
شہباز شریف کو بطور وزیرِ اعظم حلف اٹھائے ایک ہفتہ ہو گیا ہے لیکن اب تک حکومت سازی میں انہیں بظاہر دشواریوں کا سامنا ہے۔ کابینہ کی تشکیل کے لیے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی اپنی اتحادی جماعتوں کے ساتھ ملاقاتیں اور مشاورت جاری ہے۔ جانتے ہیں وائس آف امریکہ کے علی فرقان سے۔
قرض کا حصول؛ کیا شہباز شریف کی حکومت آئی ایم ایف کی شرائط مان لے گی؟
پاکستان کے تیزی سے کم ہوتے ہوئے غیر ملکی زرِ مبادلہ کے ذخائر اور پھر بین الاقوامی قرضوں کی ادائیگیوں میں پھنسی معیشت کو سنبھالا دینے کے لیے نئی حکومت کا وفد رواں ہفتے ایک بار پھر بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے مذاکرات کا آغاز کرے گا۔
یہ مذاکرات ملک میں نئی حکومت کے قیام کے بعد پہلی بار ہو رہے ہیں اور حکومت نے اس مقصد کے لیے سابق وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل کو اپنا اعلیٰ نمائندہ مقرر کیا ہے۔
قرض کی نئی قسط کے حصول کے لیے فریقین کے مابین مذاکرات پہلے ہی سے تعطل کا شکار ہوچکے تھے، جب مارچ میں عمران خان کی حکومت نے نہ صرف پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے سے گریز کیا تھا بلکہ انہیں کم از کم 90 روز کے لیے منجمد کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔