عمران خان جناح ایوینیو پہنچ گئے، کارکنوں سے خطاب
پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان خیبر پختونخوا سے اپنے قافلے کے ساتھ اسلام آباد کے جناح ایوینیو پہنچ گئے ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق وہ یہاں سے ڈی چوک جائیں گے۔ انہوں نے اپنے ورکروں کو ریڈ زون کے علاقے میں شامل ڈی چوک پہنچنے کی ہدایت کر رکھی ہے۔
مقامی نجی نشریاتی اداروں کے مطابق وہ جناح ایوینیو رک کر اپنے کنٹینر سے کارکنوں سے خطاب کریں گے۔
عمران خان کا نئے انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے کے لیے حکومت کو چھ روز کا الٹی میٹم
پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان نے حکومت کو چھ روز میں نئے انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے کا الٹی میٹم دیا ہے۔
عمران خان نے جناح ایونیو میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مارچ اپنے کارکنوں کے لیے نہیں بلکہ پوری قوم کے لیے ہے۔
انہوں نے حکومت کو متنبہ کیا کہ اگر حکومت نے جون میں نئے انتخابات کا اعلان نہ کیا اور اسمبلی تحلیل نہ کی تو وہ اپنے کارکنان کو دوبارہ اسلام آباد لے کر آئیں گے۔
چیئرمین تحریکِ انصاف کا کہنا تھا کہ حکومت ہمیں پولیس تشدد، جھوٹے کیسز اور موت سے ڈراتی تھی لیکن ہم نے دیکھا کہ قوم خوف سے آزاد ہو گئی ہے۔
میدان چھوڑ کر بھاگنے کی روایت برقرار، مسلم لیگ (ن) کا عمران خان کے اعلان پر تبصرہ
حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) نے سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے حکومت کو چھ روز کے الٹی میٹم پر تبصرہ کیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کہا گیا ہے کہ میدان چھوڑ کر بھاگنے کی روایت برقرار ہے۔ یہ تبصرہ عمران خان کی جانب سے حکومت کو چھ روز میں نئے انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے کی ڈیڈ لائن پر کیا گیا ہے۔
عمران خان اب کبھی باہر نہیں نکلیں گے: مریم اورنگزیب
وفاقی وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب نے چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان کے اعلان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بنی گالا جا کر سو گئے ہیں اور اب کبھی باہر نہیں نکلیں گے۔
مقامی ٹی وی چینل جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ تحریکِ انصاف سے کوئی بات چیت ایسی نہیں ہوگی جو بند دروازوں میں ہو گی۔ پاکستان کے عوام تخریب کاری کی سیاست کو مسترد کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد مارچ کرنے والوں سے مذاکرات کے لیے ایک کمیٹی بنی تھی اور عدالت کےا حکامات کے مطابق ہی مذاکرات ہونا تھے لیکن انہوں نے کوئی مذاکرات نہیں کیے جب کہ عمران خان کے کنٹینر سے یہ اعلانات ہوتے رہے کہ ڈی چوک پہنچیں، یہ اعلان نہیں بلکہ واضح پیغام تھا۔