محمد بن سلمان بھی ویکسین لینے والوں میں شامل
سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کو کرونا ویکسین کی پہلی خوراک لگا دی گئی۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق وزارت صحت پورے ملک میں کرونا ویکسین لگائے جانے کا عمل شروع کر رہی ہے۔
امریکہ کی 'جان ہاپکنز یونیورسٹی' کے مطابق سعودی عرب میں اب تک 3 لاکھ 61 ہزار سے زائد افراد کرونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔
سعودی عرب میں اس وبا سے چھ ہزار سے زائد اموات ہوئی ہیں۔
فرانس: لندن سے واپس آنے والے شہری میں کرونا وائرس کی نئی قسم کی تشخیص
یورپ کے ملک فرانس کی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ برطانیہ کے شہر لندن سے واپس آنے والے ایک فرانسیسی شہری میں کرونا وائرس کی نئی قسم کی تشخیص ہوئی ہے۔
وزارتِ صحت کے مطابق مذکورہ شخص رواں ماہ 19 دسمبر کو لندن سے واپس آیا تھا۔ جو کہ اب قرنطینہ میں ہے اور اس کی حالت بہتر ہے۔
فرانس میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد اور ہلاکتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران فرانس میں کرونا وائرس کے 20 ہزار سے زائد نئے کیسز اور 159 اموات رپورٹ کی گئیں۔
فرانس میں اب تک 25 لاکھ سے زائد افراد میں وبا سے متاثر ہو چکے ہیں۔ جب کہ 62 ہزار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
فرانس وائرس کے سبب ہلاکتوں کے لحاظ سے دنیا میں ساتویں نمبر پر ہے۔
سال 2020 تصاویر کے آئینے میں
سال 2020 اپنے پیچھے متعدد تلخ یادیں چھوڑ کر جا رہا ہے۔ رواں برس دنیا کے تمام ممالک کرونا وائرس کے ہاتھوں تکلیف کا سامنا کرتے رہے۔ جب کہ لگ بھگ 18 لاکھ افراد وبائی مرض سے ہلاک ہوئے۔
پاکستان میں 39 ہزار افراد زیرِ علاج
پاکستان میں کرونا وائرس کے زیرِ علاج افراد کی تعداد میں معمولی کمی آئی ہے۔ اب بھی 39 ہزار افراد ملک بھر میں زیرِ علاج ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کرونا وائرس سے 4 لاکھ 69 ہزار سے زائد افراد وبا سے متاثر ہوئے تھے۔ جن میں سے 9 ہزار 800 سے زائد کی موت ہوئی جب کہ 4 لاکھ 20 ہزار افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
یوں اب بھی ملک بھر میں 39 ہزار 177 افراد زیرِ علاج ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق زیرِ علاج افراد میں سے 2ہزار 325 مریض انتہائی نگہداشت میں ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان میں وبا سے متاثرہ افراد کی نشان دہی کے لیے 65 لاکھ 24 ہزار کے قریب ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
حالیہ دنوں میں ٹیسٹ کی استعداد ایک بار پھر بڑھا دی گئی ہے اور یومیہ 35 سے 40 ہزار ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں پاکستان میں وبا سے متاثرہ افراد کی نشان دہی کے لیے 37 ہزار کے قریب ٹیسٹ کیے گئے۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں وبا سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 22260 افراد کے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی۔