یورپ کے 45 کروڑ افراد کے لیے دو ارب ویکسین کی خوراکیں
یورپ کے متعدد ممالک میں کرونا وائرس پر قابو پانے کی کوششوں میں ویکسین بڑے لگائے جانے کا عمل اتوار سے شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
یورپ نے کرونا ویکسین فراہم کرنے والی متعدد کمپنیوں سے 45 کروڑ شہریوں کے لیے ویکسین کی دو ارب خوراکیں مہیا کرنے کے معاہدے کیے ہیں۔
معاہدوں کے تحت 18 سال سے زائد عمر کے افراد کو آئندہ برس کے دوران ویکسین لگائی جائیں گی۔
یورپی ممالک میں دنیا کا بہترین طبی نظام موجود ہے۔ اس کے باوجود ویکسی نیشن کے لیے کچھ ممالک ریٹائرڈ ہو جانے والے طبی عملے کو بھی اس عمل میں شامل کریں گے۔ جب کہ بعض ممالک میں ویکسی نیشن کے لیے انجیکشن لگائے جانے سے متعلق قوانین میں نرمی کی جائے گی۔
کئی ممالک میں ہونے والے سروے میں ویکسین سے متعلق خدشات کی بھی نشان دہی ہوئی ہے۔ جن کو دیکھتے ہوئے 27 یورپی ممالک کے رہنما ویکسین کو معمول کی زندگی کی طرف واپسی کے لیے بہترین موقع قرار دے رہے ہیں۔
کینیڈا میں بھی وائرس کی نئی قسم کے کیسز سامنے آنا شروع
کینیڈا کے صوبے اونٹاریو میں وزارتِ صحت کے حکام نے ہفتے کو تصدیق کی ہے کہ دو افراد میں کرونا وائرس کی نئی قسم کی تشخیص ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ چند دن قبل برطانیہ میں کرونا وائرس کی ایک نئی قسم کی تشخیص کی گئی تھی۔ جو کہ سائنس دانوں کے مطابق کرونا وائرس کے مقابلے میں 40 سے 70 فی صد تیزی سے پھیلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
برطانیہ کے علاوہ دیگر ممالک نے، جن میں آسٹریلیا، اٹلی اور ہالینڈ شامل ہیں، بھی کرونا وائرس کی نئی قسم کے کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی ہے۔
کینیڈا میں سامنے آنے والے دونوں کیسز کی سفر کرنے سے متعلق کوئی تاریخ نہیں ہے۔
اونٹاریو میں یہ کیسز سامنے آنے کے بعد ہفتے سے لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ہے۔
پاکستان میں رواں ہفتے 483 افراد ہلاک
پاکستان میں کرونا وائرس سے رواں ہفتے 483 اموات کی تصدیق کی گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں وبا سے مزید 58 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد کرونا وائرس کے باعث ہلاکتوں کی مجمموعی تعداد 9 ہزار 874 ہو گئی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں اموات کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ملک میں وبا کی دوسری لہر میں نومبر میں ہلاکتوں میں اضافہ ہونا شروع ہوا تھا۔ جب کہ دسمبر میں بھی اضافے کا رجحان برقرار ہے۔
پاکستان میں گزشتہ ہفتے میں 483 اموات ہوئی ہیں۔ جس میں 23 دسمبر کو 111 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی تھیں۔ جو کہ چھ میں ایک دن میں ہلاک ہونے والوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
امریکہ: ویکسین کی دستیابی کے بعد کیا صورتِ حال ہے؟
امریکہ میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دو کروڑ کے ہندسے کی جانب بڑھ رہی ہے لیکن امید افزا خبر یہ ہے کہ امریکہ میں ویکسین بھی دستیاب ہے۔ فائزر اور موڈرنا کی ویکسین دستیاب ہونے کے بعد امریکہ میں کیا صورتِ حال ہے؟ جانتے ہیں آؤنشمن اپٹے سے۔