پاکستان میں کرونا سے اموات 10 ہزار کے قریب
پاکستان میں کرونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 10 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔ پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 63 ہلاکتوں کے بعد مجموعی اموات کی تعداد نو ہزار 992 ہو گئی ہے۔
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 1776 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی کیسز چار لاکھ 75 ہزار سے بڑھ گئے ہیں۔
ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 30 ہزار 666 ٹیسٹس کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر اب تک 66 لاکھ سے زائد ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
پاکستان میں 2259 مریض انتہائی نگہداشت کے وارڈز میں زیرِ علاج ہیں۔
کرونا کیسز میں کمی، بھارت میں زندگی معمول پر آنے لگی
کرونا وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملکوں میں بھارت دوسرے نمبر پر ہے۔ جہاں مریضوں کی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کر چکی ہےجب کہ لگ بھگ ڈیڑھ لاکھ ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔ تاہم اب کیسز میں کمی کے ساتھ ہی زندگی معمول کی جانب لوٹنے لگی ہے۔ دیکھیے یہ رپورٹ۔
بھارت میں کرونا کی نئی قسم کے چھ کیس رپورٹ
بھارت میں چند روز قبل برطانیہ سے آنے والے چھ افراد میں کرونا وائرس کی نئی قسم کی تشخیص ہوئی ہے۔
بھارتی وزارتِ صحت کے مطابق ان افراد کو پھیلاؤ روکنے کے لیے الگ تھلگ کر دیا گیا ہے جب کہ ان افراد کے ساتھ سفر کرنے والے افراد کو ٹریس کیا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان افراد کے قریب رہنے والے افراد نے بھی خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔
برطانیہ میں وائرس کی نئی قسم کی تشخیص کے بعد بھارت نے آنے اور جانے والی پروازوں پر پابندی عائد کر رکھی ہے تاہم حکام کے بقول پابندی سے قبل نومبر کے آخر تک برطانیہ سے 33 ہزار مسافر بھارت پہنچے تھے۔
حکام کے بقول بھارت پہنچنے والے مسافروں میں سے 114 افراد کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے تھے جس کے بعد کرونا کی نئی قسم کی تشخیص کے لیے ان کے نمونوں کا معائنہ کیا گیا تھا۔
بھارت میں مجموعی طور پر وبا کا زور ٹوٹ رہا ہے اور منگل کو 16 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ مجموعی کیسز ایک کروڑ سے بڑھ گئے ہیں۔
امریکہ کو اس وقت مشکل صورت حال کا سامنا ہے: ڈاکٹر انتھونی فاؤچی
امریکہ میں وبائی امراض کے سب سے بڑے ماہر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر ملک کو اس وقت ایک مشکل صورت کا سامنا ہے۔
ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے، جنہیں پچھلے ہفتے کرونا ویکسین لگائی گئی تھی، امریکی نشریاتی ادارے 'سی این این' کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ چھٹیوں کے دوران لوگوں کا ایک دوسرے سے ملنے سے گریز کرنا بہت مشکل ہے۔
حکام کے مطابق ساڑھے آٹھ کروڑ لوگوں نے اپنے رشتے داروں اور دوستوں سے ملنے کے لیے سفر کیا ہے جس کی وجہ سے حکام کو کرونا کیسز بڑھنے کے خدشات لاحق ہیں۔
فاؤچی کا مزید کہنا تھا کہ ایئرپورٹ بھرے پڑے ہیں اور گھروں میں لوگ ایک دوسرے سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ ان کے بقول جتنا انہوں نے لوگوں کو ایک دوسرے سے دور رہنے کا کہا، لوگ اتنا ہی آپس میں مل رہے ہیں۔
فاؤچی نے لوگوں سے کرونا ویکسین لگوانے کی اپیل بھی کی۔