جرمن کمپنی بائیو این ٹیک نے ویکسین کی تیاری کے لیے نیا پلانٹ لگا لیا
یورپ میں کرونا ویکسین کی طلب میں اضافے کے پیشِ نظر جرمن دوا ساز کمپنی بائیو این ٹیک نے ماربرگ قصبے میں ویکسین کی تیاری کے لیے نیا پلانٹ لگا لیا ہے۔
کمپنی نے بدھ کو اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جرمن حکام کی معاونت سے ماربرگ میں فوری طور پر نیا پلانٹ لگایا گیا ہے جہاں ویکسین کی پروڈکشن شروع ہو گی۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ نئے یونٹ سے تیار ہونے والی ویکسین کے پہلے آرڈر کی ترسیل اپریل کے اوائل میں متوقع ہے۔
یورپین میڈیسن ایجنسی مذکورہ پلانٹ میں تیار ہونے والی ویکسین کی کوالٹی کا جائزہ لے گی جس کے بعد اس کی ترسیل کی اجازت دی جائے گی۔
کیا کرونا اور کرپشن میں کوئی تعلق ہے؟
دنیا بھر میں کرپشن پر نظر رکھنے والی غیر سرکاری تنظیم ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے مطابق کچھ ملکوں میں کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے سسٹم کی خرابیاں سامنے آئی ہیں۔ پاکستان میں کیا صورتِ حال ہے اور کیا کرونا اور کرپشن کے درمیان کوئی تعلق ہے؟ جانیے ماہرِ معاشی امور ڈاکٹر قیصر بنگالی سے۔
میری توجہ کرونا کے خاتمے پر ہے، بائیڈن
امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے سینیٹ میں اپنے پیش رو ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف جاری مواخذے کی کارروائی پر کہا ہے کہ اُن کی توجہ اس ٹرائل پر نہیں بلکہ کرونا وائرس کے خاتمے پر ہو گی۔
منگل کو وائٹ ہاؤس کے 'اوول آفس' میں ایک نشست کے دوران جب صحافیوں نے صدر بائیڈن سے سوال کیا کہ کیا وہ سینیٹ میں ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کی کارروائی ٹی وی پر دیکھ رہے ہیں؟ اس پر بائیڈن کا کہنا تھا کہ نہیں، وہ ایسا نہیں کر رہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ ہم پہلے ہی کرونا وائرس کے باعث ساڑھے چار لاکھ سے زیادہ اموات کا نقصان اٹھا چکے ہیں۔ اگر ہم نے فوری طور پر ٹھوس اقدامات نہ کیے تو اموات میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہت سے بچے بھوکے ہیں اور متعدد خاندانوں کو خوراک کی کمی کا سامنا ہے۔ ایسے تمام افراد مشکل میں ہیں جن کا ازالہ میری ذمہ داری ہے۔
جنوبی افریقہ کا ویکسین کے لیے جانسن اینڈ جانسن سے معاہدہ
جنوبی افریقہ کے محکمۂ صحت کے حکام نے اعلان کیا ہے کہ کرونا وائرس کے انسداد کے لیے ویکسی نیشن مہم میں امریکی کمپنی جانسن اینڈ جانسن کی تیار کردہ ویکسین استعمال کی جائے گی۔
جنوبی افریقہ نے جانسن اینڈ جانسن کو 90 لاکھ خوراکیں فراہم کرنے کا آرڈر دیا ہے جن میں سے بعض خوراکیں آئندہ ہفتے ملنے کی توقع ہے۔
وزیرِ صحت سویلی مخیز نے پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ جانسن اینڈ جانسن کی تیار کردہ ویکسین کرونا وائرس کی نئی قسم کے خلاف مؤثر ہے اور پہلے مرحلے میں مقامی سطح پر ویکسین کا جائزہ لیا جائے گا۔
یاد رہے کہ جنوبی افریقہ میں رواں ہفتے آکسفورڈ اور ایسٹرازینیکا کی تیار کردہ ویکسین لگانے کا عمل شروع ہونا تھا۔ تاہم مقامی یونیورسٹی کے ایک مطالعے کے بعد ویکسی نیشن مہم کو معطل کر دیا گیا تھا۔
یونیورسٹی کے مشاہدے میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ ایسٹرازینیکا کی ویکسین جنوبی افریقہ میں پائی جانے والی کرونا وائرس کی نئی قسم کے خلاف صرف 22 فی صد تک مؤثر ہے۔