کیا کرونا اور کرپشن میں کوئی تعلق ہے؟
دنیا بھر میں کرپشن پر نظر رکھنے والی غیر سرکاری تنظیم ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے مطابق کچھ ملکوں میں کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے سسٹم کی خرابیاں سامنے آئی ہیں۔ پاکستان میں کیا صورتِ حال ہے اور کیا کرونا اور کرپشن کے درمیان کوئی تعلق ہے؟ جانیے ماہرِ معاشی امور ڈاکٹر قیصر بنگالی سے۔
ڈبلیو ایچ او کی ووہان میں تحقیقات مکمل، وائرس کی ابتدا کا سراغ نہ مل سکا
عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے محققین کی ٹیم نے چین کے شہر ووہان میں کرونا وائرس کی ابتدا کے بارے میں تحقیقات مکمل کر لی ہیں۔
امریکہ نے عالمی ادارۂ صحت کی ٹیم کی تحقیقات کے نتائج پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ٹیم کی جانب سے استعمال کیے گئے ڈیٹا کو خود دیکھنا چاہتا ہے۔
چین نے بدھ کو امریکہ سے مطالبہ کیا کہ وہ عالمی ادارۂ صحت کی ٹیم کو اپنے ملک میں بھی کرونا وائرس کی ابتدا پر تحقیق کرنے کی دعوت دے۔
عالمی ادارۂ صحت کی ٹیم نے ووہان میں کرونا وائرس کے آغاز پر چین میں تحقیقات کے بعد اپنی ابتدائی رپورٹ میں کہا ہے کہ کرونا وائرس کا آغاز ووہان کی لیبارٹری سے نہیں ہوا اور یہی خیال کیا جا رہا ہے کہ اس کا پھیلاؤ چمگادڑوں کے ذریعے ہوا۔
چین کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان وینگ وین بن نے بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ امریکہ چین کی طرح شفاف رویہ اختیار کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن عالمی ادارۂ صحت کے ماہرین کو امریکہ میں کرونا وائرس کی ابتدا پر تحقیق کرنے دے۔
کرونا ویکسین لگوانے پر چرس کا سگریٹ مفت
امریکی ریاست مشی گن کا ایک اسٹور کرونا ویکسین لگوانے والوں کو چرس کا سگریٹ مفت دے رہا ہے۔
پاکستان میں رواں ماہ کے 10 دن میں پانچ سو سے زائد افراد ہلاک
فروری کے ابتدائی 10 دن میں پاکستان میں کرونا وائرس سے پانچ سو سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں وبا سے مزید 57 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 12 ہزار 185 ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ جنوری 2021 کے آخری ہفتے سے پاکستان میں وبا سے اموات کی شرح ایک بار پھر بڑھ گئی تھی۔
اعداد و شمار کے مطابق فروری کے ابتدائی دس دن میں پاکستان میں وبا سے 502 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔