کرونا بحران: جنوبی ایشیا میں 42 کروڑ بچے اسکولوں سے باہر
کرونا بحران نے بچوں کی صحت، تعلیم تک رسائی اور ان کی زندگی میں ترقی کے امکانات کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ جنوبی ایشیائی ممالک سمیت دنیا کے کئی حصوں میں لاکھوں طالبات اسکول واپس نہیں جا پائیں گی۔
بچوں کے تعلیمی فنڈ کے ادارے یونیسیف، عالمی ادارہ صحت اور آبادی کے فنڈ کی تنظیم یو این ایف پی اے کی مشترکہ ترتیب دی گئی رپورٹ کے مطابق جنوبی ایشیا کے ممالک افغانستان، بنگلہ دیش، نیپال، بھارت، پاکستان اور سری لنکا میں اس بحران کے دوران لاک ڈاؤن کے باعث 42 کروڑ بچے اسکول سے باہر ہو گئے۔
سب سے زیادہ متاثر ہونے والے بچوں کا تعلق معاشرے کے غریب اور غیرمحفوظ طبقوں سے تھا۔
رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ اتنے بڑے بحران کے بعد اب 45 لاکھ طالبات کبھی بھی اسکول واپس نہیں جا سکیں گی۔ لڑکیوں کو تولیدی صحت کی معلومات اور سہولیات تک عدم رسائی کے باعث مزید مشکلات کا سامنا ہوگا۔
یورپی یونین کے سفر کے لیے ہیلتھ پاس کے اجرا کا منصوبہ
یورپی یونین کی انتظامی شاخ نے بدھ کو 27 ملکی اتحاد کے درمیان محفوظ سفر کو ممکن بنانے کے لیے سبز سرٹیفیکٹ کے اجرا کا منصوبہ پیش کیا ہے۔
یورپی رہنما اگلے ہفتے ہونے والی سمٹ میں کووڈ-19 سفری دستاویزات پر مذاکرات کریں گے۔ تاہم یورپی کمیشن کی چیف ارسلا وون ڈر لیئین نے فوری طور پر اس منصوبے کے چیدہ چیدہ نکات پیش کیے ہیں جس کے ذریعے امید کی جا رہی ہے کہ گرمیوں کے دوران سیاحت، ثقافتی پروگراموں اور مشکلات کا شکار دیگر شعبوں کو مدد ملے گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’’گرین سرٹیفیکٹ سے یہ معلوم ہو سکے گا کہ جس شخص کے پاس یہ سرٹیفیکٹ ہے اسے یا تو ویکسین لگ چکی ہے یا حال ہی میں اس کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آیا تھا، یا یہ شخص کرونا وائرس سے صحت یاب ہوچکا ہے لہٰذا اس کے جسم میں اینٹی باڈیز ہیں۔‘‘
برازیل میں ایک دن میں ریکارڈ 2841 اموات
دنیا بھر میں امریکہ کے بعد سب سے زیادہ متاثرہ ملک برازیل میں ایک دن میں ریکارڈ اموات ہوئی ہیں۔
امریکہ کی 'جان ہاپکنز یونیورسٹی' کے اعداد و شمار کے مطابق برازیل میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2841 افراد وبا کے باعث ہلاک ہوئے ہیں جو کہ ایک دن میں ہلاک ہونے والوں کی ریکارڈ تعداد ہے۔
قبل ازیں 10 مارچ کو 2286 اموات وبا کے باعث ہوئی تھیں۔ فروری کے وسط میں برازیل میں ایک بار پھر اموات کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہونا شروع ہوا تھا۔
ملک بھر میں وبا سے اب تک دو لاکھ 82 ہزار 127 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ جب کہ ایک کروڑ 16 لاکھ سے زائد افراد کرونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا شہریوں کو ویکسین لینے پر زور
امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ کرونا وائرس کی ویکسین لیں۔
امریکہ کے نشریاتی ادارے 'فاکس نیوز' کو دیے گئے انٹرویو میں سابق صدر کا کہنا تھا کہ میں لوگوں کو ویکسین لینے کی تجویز دوں گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میں ان لوگوں کو بھی ویکسین لینے کی تجویز دوں گا جو یہ ویکسین لینے کے حق میں نہیں ہیں۔ اور میں ان لوگوں کو بھی ویکسین لینے کی تجویز دوں گا جنہوں نے اس کے لیے مجھے ووٹ دیا۔
اس کے ساتھ ساتھ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ لیکن ہمیں آزادی بھی حاصل ہے اور ہم اسی آزادی کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں۔ اور میں اس سے اتفاق کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ یہ بہترین ویکسین ہیں اور یہ محفوظ بھی ہیں اور یہ ایسی ہیں جو کہ اثر کرتی ہیں۔