بھارت میں دسمبر 2020 کے بعد ریکارڈ کیسز رپورٹ
بھارت میں کرونا وائرس کے کیسز بڑھ رہے ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 35 ہزار 871 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
جمعرات کو سامنے آںے والے اعداد و شمار کے مطابق ریاست مہاراشٹرا کرونا سے سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں صرف اسی ریاست میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 23 ہزار سے زیادہ ہے۔
یاد رہے کہ بھارت میں دسمبر کے اوائل کے بعد سے یومیہ کیسز کی سب سے زیادہ تعداد رپورٹ ہوئی ہے۔
نئے کیسز کے بعد بھارت میں مجموعی کرونا کیسز کی تعداد ایک کروڑ 14 لاکھ 74 ہزار 605 ہو گئی ہے۔
پاکستان: سخت پابندیوں کا عندیہ
پاکستان کے وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر نے کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز اور احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد نہ کرنے کی صورت میں سخت پابندیوں کا عندیہ دیا ہے۔
ایک ٹوئٹ میں اسد عمر نے کہا کہ کرونا کے مثبت کیسز میں واضح اضافہ دیکھا گیا ہے اور اسپتالوں میں مریضوں کے داخلوں اور لوگوں کی انتہائی نگہداشت کے کیسز بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر ایس او پیز پر عمل درآمد میں بہتری نہ لائی گئی تو عوام کی سرگرمیوں پر سخت پابندیاں لگانے پر مجبور ہوں گے۔
پاکستان: مثبت کیسز کی شرح میں اضافہ
پاکستان میں بھی کرونا وائرس کے کیسز میں ایک مرتبہ پھر اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد چھ لاکھ 15 ہزار 810 ہو گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 44 ہزار 377 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے تین ہزار 495 کے نتائج مثبت آئے ہیں۔ اس طرح پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مثبت کیسز کی شرح سات اعشاریہ آٹھ فی صد ریکارڈ کی گئی۔
پاکستان میں رپورٹ ہونے والے نئے کیسز چھ دسمبر 2020 کے بعد سے یومیہ کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
علاوہ ازیں ملک میں مزید 61 افراد کرونا وائرس کی وجہ سے انتقال کر گئے اور اس طرح مجموعی ہلاکتیں 13 ہزار 717 تک جا پہنچی ہیں۔
کرونا نے امریکی طلبا کی اعلی تعلیم میں دلچسپی کم کر دی
حال ہی میں ہونے والے ایک سروے کے نتائج سے پتا چلا ہے کہ کرونا بحران کے دوران امریکہ میں ہائی اسکول کے طلبا نے اعلیٰ تعلیم کے حصول میں کم دلچسپی ظاہر کی ہے۔
ایک سال تک جہاں اسکولوں کی بندش، سیاسی صورتِ حال، اور نسل پرستی پر مبنی واقعات سے امریکی معاشرے میں موجود تفریق نمایاں ہوئی، وہاں اعلیٰ تعلیم کے مہنگے اخراجات بھی ان وجوہات میں شامل ہیں، جو طلبا میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے شوق میں کمی کا باعث بنے۔
وائس میڈیا کے تعاون سے منی ایپلس سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ تعلیم پر تحقیق کرنے والے ادارے ای سی ایم سی گروپ کے مرتب کردہ ایک جائزے میں کل 3202 امریکی طلبا نے حصہ لیا۔ ان طلبا میں سے محض ایک چوتھائی طلبا نے اعلیٰ تعلیم کو بہتر ملازمت کے حصول کے لیے ضروری خیال کیا۔
ان طلبا کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ان کے ہائی اسکول انہیں اعلی تعلیم کے بارے میں زیادہ معلومات فراہم کریں۔ اکثر طلبا کا کہنا تھا کہ وہ خود سے اپنی منزل کا انتخاب کرنا چاہتے ہیں اور فی الوقت انہیں نہیں معلوم کہ اس کے لیے انہیں کون سا راستہ چننا چاہیے۔