پاکستان میں ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح دس فی صد کے قریب
پاکستان میں کرونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
حکام کے مطابق پاکستان میں ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 9.4 فی صد ہو چکی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 40 ہزار 946 ٹیسٹ کیے گئے جن میں مزید تین ہزار 876 افراد کے وبا سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں زیرِ علاج افراد کی تعداد 29 ہزار 576 تک پہنچ چکی ہے۔
واضح رہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن بھی نافذ کیے جا رہے ہیں تاکہ وبا کا پھیلاؤ روکا جا سکے۔ دوسری جانب ملک میں ویکسی نیشن کا عمل بھی جاری ہے جس میں 60 سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔
پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان کا کرونا ٹیسٹ مثبت
وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ عمران خان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک بیان میں ڈاکٹر فیصل سلطان نے مزید کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کو دو روز قبل ہی کرونا وبا سے محفوظ رکھنے کی ویکسین لگائی گئی تھی۔
پاکستان میں چین کی تیار کردہ ویکسین شہریوں کو لگائی جا رہی ہے جس کے دو ڈوز لگائے جانے ہیں۔ عمران خان کو جمعرات کو اس ویکسین کی پہلی ڈوز لگائی گئی تھی۔
فلسطینی کرونا ویکسین سے محروم کیوں؟
غزہ اور مغربی کنارے کی بستیوں میں کرونا وائرس کے کیسز بڑھ رہے ہیں۔ زیادہ تر فلسطینیوں کو اب تک ویکسین میسر نہیں ہے۔ اسرائیل کی حکومت ان فلسطینی مزدوروں کو ویکسین لگا رہی ہے جو یہودی بستیوں میں کام کرتے ہیں۔ لیکن انسانی حقوق کی تنظیموں کا مطالبہ ہے کہ اسرائیل تمام فلسطینیوں کو ویکسین مہیا کرے۔