رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

10:18 22.3.2021

بھارت: نومبر کے اوائل کے بعد ریکارڈ کیسز رپورٹ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 46 ہزار 951 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ سات نومبر 2020 کے بعد بھارت میں رپورٹ ہونے والے یہ ریکارڈ کیسز ہیں۔

بھارت میں گزشتہ ایک ہفتے سے کیسز میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے جس کے پیشِ نظر مختلف ریاستوں میں دوبارہ پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں عالمی وبا کے شکار مزید 212 مریض ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد لگ 15 ہزار 997 تک پہنچ گئی ہے۔

حکومتی ڈیٹا کے مطابق بھارت میں ایک کروڑ 16 لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں سے اب تک ایک کروڑ 11 لاکھ مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔

10:11 22.3.2021

ٹوکیو اولمپکس: غیر ملکی شائقین کی آمد پر پابندی کا اعلان

فائل فوٹو
فائل فوٹو

ٹوکیو اولمپکس کے منتظمین نے اعلان کیا ہے کہ کرونا وبا کے سبب رواں سال ہونے والے اولمپکس میں غیر ملکی شائقین کو آنے کی اجازت نہیں ہو گی۔

منتظم کمیٹی کے چیف ایگزیکٹو توشیرو موتو کا ہفتے کو صحافیوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ غیر ملکی شائقین کی جانب سے خریدے گئے چھ لاکھ ٹکٹس ری فنڈ کر دیے جائیں گے۔

توشیرو موتو کے مطابق پیرا اولمپکس کے لیے خریدے گئے تین لاکھ ٹکٹس کی رقوم بھی واپس کر دی جائیں گی۔ البتہ، انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ اس مد میں کتنی رقم شائقین کو واپس کی جائے گی۔

اولمپک گیمز کو گزشتہ سال کرونا وبا کے سبب ملتوی کیا گیا تھا۔ جس کا انعقاد رواں سال 23 جولائی سے آٹھ اگست تک کیا جائے گا جب کہ پیرا اولمپک کے مقابلے 24 اگست سے پانچ ستمبر کے درمیان ہوں گے۔

مزید پڑھیے

18:46 21.3.2021

چین ایک ہفتے میں ایک کروڑ افراد کی ویکسی نیشن

دنیا میں کرونا وبا سے سب سے پہلے متاثر ہونے والے ملک چین میں کرونا سے بچاؤ کی ویکسی نیشن مہم تیزی سے جاری ہے اور ایک ہفتے کے دوران ایک کروڑ چینی شہریوں کو ویکسین لگائی گئی ہے۔

دوسری جانب حکام کا کہنا ہے کہ وہ کرونا وبا کی صورتِ حال اور ویکسی نیشن مہم کو دیکھتے ہوئے مختلف ممالک کے لیے ویزہ پالیسی ترتیب دے رہے ہیں۔

چینی وزارتِ صحت کے ترجمان می فینگ کا کہنا ہے کہ ہفتے تک ملک بھر میں سات کروڑ 49 لاکھ 60 ہزار کو ویکسین لگا دی گئی ہے۔ چین دنیا میں ویکسی نیشن مہم شروع کرنے والا پہلا ملک تھا تاہم اس کے بعد ویکسی نیشن مہم شروع کرنے والے امریکہ اور اسرائیل میں شہریوں کو ویکسین لگانے کی شرح اب چین سے زیادہ ہے۔

محکمہ صحت کے ترجمان می فینگ نے ایک نیوز بریفنگ میں بتایا کہ ہفتے تک ویکسین کی سات کروڑ 49 لاکھ 60 ہزار خوراکیں لگائی جاچکی تھیں۔

چینی حکام کا کہنا ہے کہ اس سال کے وسط تک ایک ارب 40 کروڑ کی مجموعی آبادی کے 40 فی صد کو ویکسین لگا دی جائے گی۔

16:15 21.3.2021

میامی کے ساحل پر لوگوں کا ہجوم روکنے کے لیے کرفیو

کرونا وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے حکام نے ہفتے کو ریاست فلوریڈا کے شہر میامی کے ساحل پر کرفیو لگا دیا جس سے موسمِ بہار کی چھٹیاں منانے کے لیے ساحل کا رُخ کرنے والوں کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ویک اینڈ پر بڑی تعداد میں لوگ میامی کے ساحل کا رُخ کر رہے تھے جس کی وجہ سے کرونا کے پھیلاؤ کے خدشات جنم لے رہے تھے۔

شہری انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ یہ پابندی 72 گھنٹے تک برقرار رہے گی۔ پابندی کے تحت سیاحوں کے پرکشش مقام ساؤتھ بیچ کے ہوٹل اور ریستوران آٹھ بجے بند کر دیے جائیں گے جب کہ ساؤتھ بیچ کو ملانے والے تین بڑے پل بھی رات 10 بجے بند کر دیے جائیں گے۔

البتہ، مقامی افراد اور ریستورانوں پر کام کرنے والے افراد کو اس پابندی سے استثنٰی ہو گا۔

مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس سال میامی کے ساحل پر لوگوں کا رش گزشتہ سال کی نسبت زیادہ تھا جس کی وجہ کئی ریاستوں میں سرد موسم اور کرونا پاببدیاں ہیں۔ لہذٰا لوگ جوق در جوق میامی کا رُخ کر رہے ہیں۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG