رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

14:29 22.3.2021

'ایسٹرازینیکا ویکسین لگ بھگ 80 فی صد مؤثر ہے'

فائل فوٹو
فائل فوٹو

برطانوی دوا ساز کمپنی ایسٹرازینیکا کا کہنا ہے کہ ان کی تیار کردہ کرونا ویکسین وبا کے خلاف لگ بھگ 80 فی صد مؤثر ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ ویکسین معمر افراد کو وبا کے اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے کارآمد ہے اور اس سے خون کے جمنے کا بھی کوئی خطرہ نہیں۔

ایسٹرازینیکا کی ویکسین لگانے کے بعد خون جمنے کی خبریں گردش کرنے پر یورپ کے کئی ملکوں نے ویکسین لگانے کا عمل روک دیا تھا۔

تاہم کمپنی نے پیر کو اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ویکسین کے تیسرے مرحلے کے ٹرائل امریکہ میں ہوئے جس میں 32 ہزار 449 رضاکاروں نے حصہ لیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ رضاکاروں میں تقریباً 20 فی صد 65 برس یا اس سے زائد عمر کے افراد شامل تھے۔ تحقیق میں نتیجہ اخذ کیا گیا ہے کہ ویکسین نہ صرف معمر افراد کے لیے مؤثر ہے بلکہ کسی بھی عمر کے نوجوان فرد کو یہ وائرس سے تحفظ فراہم کر سکتی ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ اپنے تجربات کے اخذ کردہ نتائج امریکہ کے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کے حکام کے پاس جمع کرانے کے لیے تیار ہیں تاکہ ویکسین ہنگامی بنیاد پر استعمال کی جا سکے۔

12:29 22.3.2021

پاکستان: کیسز بڑھنے پر پابندیاں مزید سخت کرنے کا فیصلہ

پاکستان کے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے پیش نظر پابندیوں میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اپنے ایک ٹوئٹ میں اسد عمر نے بتایا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے پیر کی صبح ہونے والے اجلاس میں کرونا وائرس کے پھیلنے کا اضافہ بننے والی سرگرمیوں پر پابندیاں مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے اور خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی کی جائے۔

11:09 22.3.2021

پاکستان میں 3600 سے زیادہ کیسز رپورٹ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے تین ہزار 669 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ عالمی وبا کے شکار مزید 20 مریض دم توڑ گئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 43 ہزار سے زیادہ افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 3600 سے زیادہ کے نتائج مثبت آئے ہیں۔

پاکستان میں کیسز کی مجموعی تعداد چھ لاکھ 30 ہزار 471 ہو گئی ہے جن میں سے حکام کے مطابق پانچ لاکھ 83 ہزار سے زیادہ صحت یاب ہو چکے ہیں۔

پاکستان میں اب بھی 2423 مریضوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

10:42 22.3.2021

تائیوان میں کرونا ویکسی نیشن مہم کا آغاز

تائیوان میں کرونا ویکسی نیشن مہم کے پہلے مرحلے میں ہیلتھ ورکرز کو ویکسین لگائی جائے گی۔
تائیوان میں کرونا ویکسی نیشن مہم کے پہلے مرحلے میں ہیلتھ ورکرز کو ویکسین لگائی جائے گی۔

تائیوان میں پیر سے کرونا ویکسی نیشن مہم کا آغاز ہو گیا ہے اور وزیرِ اعظم سو سینگ چینگ نے کرونا ویکسین کی پہلی خوراک لے لی ہے۔

تائیوان میں کرونا ویکسی نیشن مہم کے لیے برطانوی دوا ساز کمپنی ایسٹرازینیکا کی تیار کردہ ویکسین استعمال کی جا رہی ہے۔

ویکسی نیشن مہم کے پہلے مرحلے میں لگ بھگ 60 ہزار ہیلتھ ورکرز کو ٹیکے لگائے جائیں گے۔

واضح رہے کہ عالمی وبا کے تیزی سے پھیلاؤ کے پیشِ نظر تائیوان نے اپنی سرحدیں بند کر دی تھیں اور اب ملک میں کرونا کے صرف 33 مریض زیرِ علاج ہیں۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG