رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

14:18 23.3.2021

امریکہ: سی ڈی سی کا کیسز میں اضافے پر تشویش کا اظہار

فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ میں بیماریوں پر قابو پانے اور تحفظ کے ادارے (سی ڈی سی) کی ڈائریکٹر روشیل والینسکی نے ملک میں کرونا کیسز میں حالیہ اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کرونا بریفنگ کے دوران بتایا کہ کئی ریاستوں نے کرونا پابندیوں میں نرمی کی ہے اور ملک بھر میں سفر میں بھی اضافہ ہوا ہے جسے دیکھتے ہوئے کیسز میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

امریکہ میں کرونا کیسز کی مجموعی تعداد دو کروڑ 96 لاکھ سے زیادہ ہے جب کہ عالمی وبا سے اب تک پانچ لاکھ 40 ہزار سے زیادہ اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔

روشیل والینسکی کے مطابق امریکہ میں گزشتہ سات روز کے دوران اوسطاً یومیہ کیسز 53 ہزار 800 سے زائد رپورٹ ہوئے جب کہ دو ہفتوں میں یومیہ کیسز کی اوسط 50 سے 60 ہزار کے درمیان رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ملک میں اور بالخصوص ریاست کیلی فورنیا میں وائرس کی نئی اقسام کے کیسز میں اضافہ دیکھا گیا ہے جہاں وائرس کی نئی قسم کے 52 فی صد نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ اعداد و شمار تمام امریکیوں کے لیے ایک انتباہ ہونا چاہیے کہ وبا ابھی ختم نہیں ہوئی۔

امریکہ میں وبا کی روک تھام کے لیے ویکسی نیشن مہم بھی جاری ہے اور اب تک لگ بھگ 12 کروڑ سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے جن میں سے بعض دو خوراکیں لے کر کورس مکمل کر چکے ہیں۔

13:50 23.3.2021

برطانیہ سے بیرونِ ملک سفر کرنے والوں پر پانچ ہزار پونڈ جرمانہ ہو گا

فائل فوٹو
فائل فوٹو

برطانیہ سے بیرونِ ملک غیر ضروری طور پر سفر کرنے والوں پر پانچ ہزار پونڈ جرمانہ ہو گا۔

برطانیہ میں کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے کی جانے والی حالیہ قانون سازی کا اطلاق آئندہ ہفتے سے ہو گا جس کے نفاذ کے بعد بیرونِ ملک چھٹیاں گزارنے پر پابندی ہوگی۔

برطانیہ میں چھٹیوں کے سیزن کے آغاز سے قبل حکومت کی جانب سے لوگوں کو گھروں میں رہنے اور غیر ضروری طور پر بیرونِ ملک سفر سے گریز کی ہدایت کی جا رہی ہے۔

سالانہ تعطیلات سے قبل برطانیہ میں کرونا قانون کا اطلاق آئندہ ہفتے سے ہو گا جس کے نفاذ کے بعد شہری چھٹیاں گزارنے بیرون ملک نہیں جا سکیں گے اور یہ قانون جون کے اختتام تک نافذ رہے گا۔

وزیرِ اعظم بورس جانسن نے پیر کو خبردار کیا تھا کہ یورپ کو کرونا وائرس کی تیسری لہر کا سامنا ہے۔​ تاہم برطانوی حکومت کا یہ بھی کہنا ہے کہ 17 مئی یا اس سے قبل ہی تعطیلات کی اجازت دی جا سکتی ہے۔

12:57 23.3.2021

پاکستان میں مزید 72 اموات، تین ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے شکار مزید 72 مریض دم توڑ گئے ہیں جب کہ تین ہزار 270 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

پاکستان کو کرونا وائرس کی تیسری لہر کا سامنا ہے اور وبا پر قابو پانے کے لیے حکومت کی جانب سے پابندیوں میں اضافہ بھی کیا جا رہا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں عالمی وبا سے ہلاکتوں کی کل تعداد 13 ہزار 935 تک پہنچ گئی ہے جب کہ کیسز کی مجموعی تعداد چھ لاکھ 33 ہزار سے زیادہ ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ پانچ لاکھ 85 ہزار سے زیادہ مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ البتہ 2485 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

12:43 23.3.2021

'کروناویک ویکسین بچوں کے لیے بھی مؤثر ہے'

فائل فوٹو
فائل فوٹو

چین کی دوا ساز کمپنی سائنوویک نے کہا ہے کہ اس کی تیاری کردہ کرونا ویکسین 'کروناویک' محفوظ ہونے کے ساتھ ساتھ تین سے 17 سال کی عمر کے بچوں کے لیے مؤثر ہے۔

کمپنی کے میڈیکل ڈائریکٹر گینگ زینگ کے مطابق ویکسین کے کلینیکل ٹرائل 550 سے زائد افراد پر کیے گئے جس کے بعد نتیجہ اخذ کیا گیا ہے کہ یہ بچوں کے لیے بھی اسی طرح مفید ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹرائل کے دوران دو بچوں میں تیز بخار کی شکایت نوٹ کی گئی جن کی عمریں تین اور چھ برس تھی جب کہ دیگر رضاکار بچوں میں معمول کی علامات دیکھی گئیں۔

مذکورہ ویکسین کو چین میں بالغوں کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے جب کہ بچوں کو ویکسین دینے سے متعلق مزید کلینیکل ٹرائل کی ضرورت تھی۔

چین سمیت دنیا کے مختلف ملکوں میں سائنوویک ویکسین کی سات کروڑ سے زائڈ خوراکیں لگائی جا چکی ہیں۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG