ویکسین کا آرڈر دے دیا: فیصل سلطان
وزیرِ اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ ملک میں کرونا ویکسی نیشن مہم جاری ہے اور اس سلسلے میں مزید ویکسین خریدنے کے لیے آرڈر دے دیا گیا ہے۔
اپنے ایک ٹوئٹ میں انہوں نے بتایا کہ سائنو فام ویکسین کی 10 لاکھ اور کین سائنو کی 60 ہزار خوراکیں آئندہ چند روز کے دوران ملنے کی توقع ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ 70 لاکھ اضافی خوراکیں اپریل تک مل جائیں گی۔
پنجاب کے 9 اضلاع میں تعلیمی ادارے بند ہوں گے
وزیرِ تعلیم پنجاب مراد راس نے اپنے ایک ٹوئٹ میں بتایا ہے کہ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ، سرگودھا اور شیخوپورہ کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے 11 اپریل تک بند رہیں گے۔
مراد راس کے مطابق پنجاب کے دیگر اضلاع میں پرانے شیڈول کے مطابق تعلیمی اداروں میں تدریس کا عمل جاری رہے گا۔
خیبرپختونخوا کے 10 اضلاع میں اسکول بند رہیں گے
صوبائی حکومتیں مشاورت سے اسکولوں کی بندش کا فیصلہ کریں گی: شفقت محمود
پاکستان کے وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ ملک کے مخصوص اضلاع میں 11 اپریل تک تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ صوبے اسکول بند کرنے یا نہ کرنے سے متعلق فیصلے کرنے میں آزاد ہیں۔
اسلام آباد میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا ورچوئل اجلاس ہوا جس میں تمام صوبوں کے وزرائے تعلیم اور وزرائے صحت نے شرکت کی۔
بعدازاں پریس بریفنگ کے دوران شفقت محمود نے بتایا کہ صوبۂ پنجاب کے چند اضلاع اور خیبرپختونخوا کے کچھ علاقوں میں کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جب کہ پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں بھی کچھ اسی طرح کی صورتِ حال ہے۔
ان کے بقول سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں بیماری کی شدت کم ہے۔ اس لیے متعلقہ حکومتیں اپنی وزارتِ صحت سے مشاورت کے بعد صوبے میں اسکولوں کو بند کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کریں گی۔