برازیل میں اموات کی تعداد 3 لاکھ سے تجاوز
برازیل میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد تین لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جس کے بعد برازیل امریکہ کے بعد دوسرا ملک ہے جہاں اموات کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔
برازیل میں پائی جانے والی کرونا وائرس کی مقامی قسم کو خطرناک قرار دیا جا رہا ہے اور حالیہ ہفتوں کے دوران کرونا سے اموات کی شرح میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
گزشتہ چند ہفتوں کے دوران برازیل میں یومیہ ہلاکتوں کی اوسطاً تعداد 2200 سے زیادہ ہے اور اب تک تین لاکھ 385 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
عالمی سطح پر کرونا کیسز میں مسلسل چوتھے ہفتے اضافہ
عالمی سطح پر کووڈ 19 سے متاثرہ افراد میں چار ہفتوں کے دوران مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گزشتہ ایک ہفتے میں نئے متاثرہ افراد کی تعداد 33 لاکھ تک جا پہنچی ہے.
کرونا وائرس سے اموات کی تعداد مسلسل چھ ہفتوں تک کم ہونے کے بعد 60 ہزار اضافی اموات رپورٹ کی گئی ہیں۔
عالمی ادارۂ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق عالمی سطح پر کرونا سے ہر دس میں سے آٹھ اموات یورپ اور امریکہ میں واقع ہوئیں۔ سوائے مغربی بحرالکاہل خطے کے، دنیا کے تمام خطوں میں مرض کی شرح میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتوں میں عمومی طور پر براعظم افریقہ اور امریکہ کے ممالک میں کووڈ 19 سے متاثرہ افراد کی شرح ایک سطح پر برقرار رہی۔ البتہ برازیل سمیت کچھ ممالک میں کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا۔ برازیل میں کیسز کی شرح میں تین فی صد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پاکستان میں نو ماہ بعد ریکارڈ کیسز
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے تین ہزار 946 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ جو لگ بھگ نو ماہ کے عرصے میں کسی بھی ایک دن کے ریکارڈ کیسز ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا وائرس کی تشخیص کے لیے 38 ہزار 858 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے مثبت کیسز کی شرح دس فی صد سے زائد رہی۔
پاکستان میں جمعرات کو سامنے آنے والے کیسز دو جولائی کے بعد یومیہ کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا کے شکار 63 مریض بھی ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی کل تعداد 14 ہزار 28 ہو گئی ہے۔
بھارت میں کرونا کی نئی قسم 'ڈبل میوٹنٹ' کا انکشاف
بھارت میں کرونا وائرس کی نئی قسم 'ڈبل میوٹنٹ' کا انکشاف ہوا ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق بھارتی ریاست مہاراشٹر کے حکام نے کہا ہے کہ 206 نمونوں میں وائرس کی نئی قسم کی تصدیق ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ بھارتی ریاست مہاراشٹر میں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں اور گزشتہ چند روز سے بھارت میں مثبت کیسز کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
بھارت کے نیشنل سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول کے ڈائریکٹر سجیت کمار سنگھ کا کہنا ہے کہ دارالحکومت نئی دہلی میں بھی نو نمونوں میں نئی قسم کے وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔