کرونا کی تیسری لہر میں شدت، پاکستان میں ان ڈور، آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر فوری پابندی
پاکستان میں کرونا کی تیسری لہر میں شدت کے باعث حکومتِ پاکستان نے ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر فوری پابندی عائد کر دی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ جن علاقوں میں کرونا کیسز مثبت آنے کی شرح آٹھ فی صد سے زائد ہوئی وہاں شادی کی آؤٹ ڈور تقریبات پر بھی پانچ اپریل سے پابندی لگا دی جائے گی۔ البتہ صوبوں کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ صورتِ حال کو دیکھتے ہوئے اس سے قبل بھی یہ پابندی لگا سکتے ہیں۔
یہ فیصلے اتوار کو وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی سربراہی میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس کے بعد کیے گئے۔
این سی او سی نے یہ فیصلہ بھی کیا ہے کہ جن علاقوں میں کرونا تیزی سے پھیل رہا ہے وہاں 29 مارچ کو سے لاک ڈاؤن میں سختی کی جائے گی۔
این سی او سی کے مطابق شادی کی تقریبات کے سوا تمام سماجی، ثقافتی، سیاسی، کھیلوں کی ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر فوری طور پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ اگر صورتِ حال یہی رہی تو پاکستان میں صورتِ حال گزشتہ سال جون سے بھی بدتر ہو سکتی ہے جب اسپتالوں میں مریضوں کا رش بڑھ گیا تھا اور اموات بھی زیادہ ہو رہی تھیں۔
بھارت میں بڑھتے ہوئے کرونا کیسز، مہاراشٹر میں رات کا کرفیو
بھارت میں کرونا وائرس کی دوسری لہر میں شدت آ رہی ہے، حکام نے وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سب سے زیادہ متاثرہ ریاست مہاراشٹر میں اتوار سے رات کا کرفیو لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ملک کی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 62 ہزار 714 نئے کرونا کیسز اور 312 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔
یہ کیسز گزشتہ برس اکتوبر کے وسط کے بعد سب سے زیادہ یومیہ کیسز ہیں۔
ریاست مہاراشٹر اور اس کے تجارتی مرکز ممبئی میں ایک روز میں ریکارڈ چھ ہزار 123 کرونا کیسز سامنے آئے ہیں، جس کے بعد ریاست میں اتوار سے رات کا کرفیو لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بھارت میں اب تک کرونا کے ایک کروڑ 19 لاکھ 71 ہزار 624 کیس رپورٹ جب کہ ایک لاکھ 61 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔
پاکستان میں کرونا کے وار جاری، پابندیاں مزید سخت کرنے پر غور
پاکستان میں کرونا وائرس کی تیسری لہر جاری ہے۔ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں چار ہزار 767 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
اتوار کو رپورٹ ہونے والے کیسز 20 جون کے بعد ایک روز میں رپورٹ ہونے والے کرونا کے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 45 ہزار 656 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے، جس میں مثبت کیسز آنے کی شرح 10.44 فی صد تھی۔
ملک میں کرونا سے 57 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں، اس طرح مجموعی اموات 14 ہزار 215 ہو گئی ہیں۔
ادھر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کرونا کیسز میں مسلسل اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ عوام کرونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں ورنہ پابندیاں مزید سخت کی جا سکتی ہیں۔