- By یوسف جمیل
بھارتی کشمیر میں کیسز میں ایک بار پھر اضافہ
بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر کے حکام نے کرونا وائرس کے مُثبت کیسز میں ایک بار پھر اضافے کے باعث کئی سخت اقدامات کا اعلان کیا ہے جن میں ضلع مجسٹریٹس کو اضافی اختیارات دینا بھی شامل ہے۔
مجسٹریٹس اپنی صوابدید کے مطابق ہر قسم کے اجتماعات پر، جن میں مساجد اور دوسری عبادت گاہوں میں ہونے والے اجتماعات بھی شامل ہیں، پابندی عائد کر سکیں گے یا ان میں شریک ہونے والے افراد کی تعداد محدود کی جا سکے گی۔
تعلیمی اداروں میں درس و تدریس کو ایک بار پھر آن لائن رکھنے کو پسندیدہ قرار دیدیا گیا ہے۔ بدھ کو ضلع بڈگام کے دو اسکولوں اور ضلع بانڈی پور کے ایک اسکول کو دو اساتذہ اور تین طلبہ کے وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کے بعد بند کر دیا گیا۔
منگل کو کرونا وائرس کے 359 نئے مثبت کیسز سامنے آئے تھے جو امسال ایک دن میں اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ۱یک لاکھ تیس ہزار 587 تک پہنچ گئی ہے۔ جب کہ1992 اموات ہو چکی ہیں۔
بھارتی حکام نے بدھ کو بتایا کہ ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹے میں وائرس کے 53 ہزار 480 نئے کیسز سامنے آئے۔ جب کہ اس دوران 354 اموات ہوئیں۔
بھارت میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی کُل تعداد ایک کروڑ 21 لاکھ 49 ہزار 335 ہے۔ جب کہ ایک لاکھ 62 ہزار 428 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ کی دو ہفتوں کے لیے ملک گیر لاک ڈاؤن کی تجویز
پاکستان کے صوبے سندھ کے وزیرِ اعلیٰ مراد علی شاہ نے وفاقی حکومت کو ملک بھر میں کم از کم دو ہفتوں کا لاک ڈاؤن لگانے اور انٹر سٹی ٹرانسپورٹ بند کرنے کی تجویز دی ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران مراد علی شاہ نے کہا کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن اور مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کی نئی نئی اصطلاحیں پیش کی گئی ہیں جو کہ درست نہیں۔ لاک ڈاؤن یا تو مکمل ہوتا ہے یا پھر نہیں ہوتا۔
انہوں نے حکومتِ سندھ کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں حکومت کے اقدامات سے کیسز میں کمی آئی ہے۔
وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ دنیا میں ممالک نے شہریوں کی بڑی تعداد کو ویکسین لگا دی ہے لیکن پاکستان میں اب تک ویکسی نیشن مہم ٹھیک طرح سے شروع بھی نہیں ہوئی اور بہت کم شہریوں کو ویکسین لگائی گئی ہے۔
'پاکستان میں مساجد کھلی رہیں گی'
پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ حکومت رمضان المبارک میں مساجد بند کرنے نہیں جا رہی، اس حوالے سے پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک میں مساجد احتیاطی تدابیر کو سامنے رکھتے ہوئے کھلی رہیں گی اور تراویح بھی ہو گی۔
طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سب سے زیادہ مساجد نے ایس او پیز پر عمل کیا ہے۔ رمضان المبارک میں مساجد کھلی رکھنے سے متعلق تمام مکاتبِ فکر کے علما اور مشائخ سے رابطے میں ہیں۔
کرونا وبا: نیویارک کی ٹوور بس انڈسٹری تباہی کے دھانے پر
نیویارک کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے امریکی شہروں میں سے ایک ہے۔ جہاں وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے عائد پابندیوں نے کئی کاروبار متاثر کیے ہیں۔ سیاحت کے لیے مشہور نیویارک شہر کی سیر کرانے والے ٹوور بس آپریٹرز کس حال میں ہیں؟ دیکھیے آؤنشمن آپٹے کی رپورٹ میں۔