رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

13:05 1.4.2021

آسٹریلیا: ایسٹر سے قبل برسبین میں لاک ڈاؤن ختم

فائل فوٹو
فائل فوٹو

آسٹریلیا کے تیسرے بڑے شہر برسبین میں حکام نے کرونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لگائے جانے والے لاک ڈاؤن کو ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

جمعرات کے روز برسبین میں کرونا وائرس کا صرف ایک کیس سامنے آیا تھا جس کے بعد پابندیوں کو کم کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

لاک ڈاؤن کے خاتمے کا اعلان ایسے موقع پر کیا گیا ہے جب چار اپریل کو ایسٹر تہوار کی تعطیلات بھی قریب ہیں۔

حکام کی جانب سے عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے تاہم اجتماعات پر پابندی بدستور برقرار رہے گی۔

یاد رہے کہ برسبین میں پیر کو تین روزہ لاک ڈاؤن کے احکامات جاری کیے گئے تھے جس میں اسکولز، ریستوران اور بارز کو بند کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔

12:00 1.4.2021

پاکستان میں جون 2020 کے بعد ریکارڈ کیسز

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 4974 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ کیسز کی یہ تعداد جون 2020 کے بعد سب سے زیادہ یومیہ تعداد ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کرونا کے شکار 98 مریض دم توڑ گئے ہیں جس کے بعد عالمی وبا سے ہلاکتوں کی کل تعداد 14 ہزار 530 ہو گئی ہے۔

پاکستان میں اب تک چھ لاکھ 72 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں اور شفا یاب مریضوں کی تعداد چھ لاکھ پانچ ہزار سے زیادہ ہے۔

حکام کے مطابق ملک میں اب بھی تین ہزار سے زیادہ مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 50 ہزار 55 افراد کے کرونا ٹیسٹ بھی کیے گئے ہیں۔

20:01 31.3.2021

کرونا ویکسین بچوں کے لیے بھی مؤثر ہے: فائزر

فائزر نے اعلان کیا ہے کہ اس کی تیار کی گئی کرونا ویکسین 12 سال کے بچوں کے لیے بھی مؤثر اور محفوظ ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کی رپورٹ کے مطابق فائزر کے اس اعلان کے بعد ممکنہ طور پر بچوں کو بھی ویکسین لگانے کی راہ ہموار ہو سکے گی۔

دنیا بھر میں جو بھی کرونا ویکسین تیار کی گئی ہے یہ صرف بالغ افراد کو لگائی جا رہی ہیں۔ کیوں کہ بالغ افراد کے وبا سے زیادہ متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔

’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کے مطابق فائزر کی ویکسین 16 سال یا اس سے زائد عمر کو لگائی جا سکتی ہے۔ البتہ ہر عمر کے افراد کو ویکسین لگانا وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے اہم ہے۔ جب کہ کم عمر افراد کو ویکسین لگانے سے تعلیمی سرگرمیوں کی مکمل بحال بھی ممکن ہے۔

امریکہ میں ہونے والے ایک مطالعے کے مطابق 12 سے 15 برس کی عمر کے 2260 رضا کاروں کو ویکسین دی گئی۔ اعداد و شمار سے واضح ہوا جن کو ویکسین کی مکمل ڈوز دی گئی وہ وائرس سے محفوظ رہے۔

19:29 31.3.2021

سندھ میں شادی ہال بند، کاروبار آٹھ بجے تک جاری رکھنے کی اجازت

سندھ میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے نئی پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔

محکمۂ داخلہ سندھ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق صوبے میں شادی ہال چھ اپریل سے بند کر دیے جائیں گے۔ جب کہ سندھ بھر میں کاروباری مراکز صبح چھ سے رات آٹھ بجے تک کھلیں گے۔

حکام کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ سرکاری اور نجی اداروں میں ایک دن نصف عملے کو طلب کیا جائے جب کہ دوسرے دن باقی نصف عملے کو طلب کیا جائے۔

جلسے، جلوسوں اور سماجی تقریبات پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق نئے ایس او پی 11 اپریل تک نافذِ عمل رہیں گے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG