چین: سرحدی شہر کی پوری آبادی کی ویکسی نیشن کا آغاز
چین کے میانمار کی سرحد سے متصل شہر رلی میں کرونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد حکومت نے تمام شہریوں کو ویکسین لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ وہ پورے شہر کو پانچ روز میں ویکسین لگانے کا عمل مکمل کر لیں گے۔ شہر کی آبادی لگ بھگ تین لاکھ کے قریب ہے۔
رلی میں اب تک کرونا وائرس کے 16 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے باعث پورے شہر میں لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا۔
چین کی حکمران جماعت کمیونسٹ پارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایک لاکھ 59 ہزار ویکسین کی خوراکیں رلی لائی جا چکی ہیں۔ جب کہ ویکسی نیشن کا عمل شروع کیا جا چکا ہے۔
حکام نے میانمار سے متصل سرحد پابندیاں مزید سخت کر دی ہیں جس کے باعث لوگوں کی نقل و حرکت محدود ہو گئی ہے۔
برطانیہ: پاکستان اور بنگلہ دیش سمیت چار ممالک ریڈ لسٹ میں شامل
برطانیہ نے ریڈ لسٹ میں اضافہ کرتے ہوئے پاکستان، بنگلہ دیش، فلپائن اور کینیا کو شامل کیا ہے ان ممالک کے شہری برطانیہ کا سفر نہیں کر سکیں گے۔
حکومت کے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق ان ممالک سے برطانوی شہری، آئرلینڈ کے رہائشی اور برطانیہ میں قانونی رہائش رکھنے والے افراد برطانیہ آ سکیں گے۔ البتہ ان افراد کو بھی ملک واپس آنے پر 10 دن قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔
حکومت کا مؤقف ہے کہ حالیہ پابندی وبا کی نئی اقسام سے محفوظ رہنے کے لیے لگائی گئی ہے۔
خیال رہے کہ برطانیہ کی ریڈ لسٹ میں لگ بھگ 40 ممالک شامل ہیں۔ البتہ ان ممالک میں بھارت اور امریکہ شامل نہیں ہیں۔
پاکستان میں پہلی بار یومیہ 50 ہزار سے زائد ٹیسٹ
پاکستان میں ایک جانب ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ جب کہ حکام نے ٹیسٹ کرنے کی استعداد میں بھی مزید اضافہ کر دیا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 50 ہزار 170 ٹیسٹ کیے گئے جس کے بعد ٹیسٹ کی مجموعی تعداد ایک کروڑ دو لاکھ 97 ہزار 544 ہو گئی ہے۔ قبل ازیں سب سے زیادہ 48 ہزار یومیہ ٹیسٹ 18 دسمبر کو کیے گئے تھے۔
پاکستان میں ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح لگ بھگ 10 فی صد کے قریب ہے۔ گزشتہ دو ماہ کے دوران ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح میں اضافہ ہوا ہے جس کے بعد ملک بھر میں ایک بار پھر پابندیاں اور اسمارٹ لاک ڈاؤن شروع کر دیے گئے ہیں۔
وبا سے متاثر سچن ٹنڈولکر اسپتال منتقل
بھارت کی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مشہور بیٹسمین سچن ٹنڈولکر کو کرونا سے متاثر ہونے کے چھ دن بعد اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق سچن ٹنڈولکر کو اسپتال احتیاطی تدبیر کے طور پر منتقل کیا گیا ہے۔
بھارت کے 47 سالہ اسٹار نے سوشل میڈیا پر اس حوالے سے بیان بھی جاری کیا۔
سچن ٹنڈولکر کا کہنا تھا کہ طبی تجویز کے بعد بطور احتیاطی تدبیر وہ اسپتال میں داخل ہو گئے ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ کچھ دن میں گھر منتقل ہو جائیں گے۔
واضح رہے کہ 27 مارچ کو وبا سے متاثر ہونے کے بعد وہ گھر میں قرنطینہ میں تھے۔