کشمیر میں آگاہی مہم، ماسک تقسیم
بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں کرونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے باعث انتظامیہ شہریوں کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کے لیے آگاہی مہم چلا رہی ہے۔ آگاہی مہم کے دوران سرینگر میں ماسک تقسیم کیے جا رہے ہیں۔
وبا کے باعث ایک لاکھ ملاح کھلے سمندر میں پھنسے ہوئے ہیں
کرونا وائرس کی عالمی وبا کی وجہ سے ایک اندازے کے مطابق تجارتی مال برداری کے لیے استعمال ہونے والے بحری جہازوں پر سوار ایک لاکھ کے قریب ملاح سمندری پانیوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔
ان ملاحوں کی مدد کے لیے ایک مہم چلائی جا رہی ہے جس پر دستخط کرنے والے اسے ایک ایسا انسانی بحران قرار دے رہے ہیں جس سے دنیا بھر میں ضروری اشیا کی رسد اور ترسیل میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
اس مہم کے ارکان نے دنیا بھر میں حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مال بردار بحری جہازوں پر کام کرنے والے 16 لاکھ ملاحوں کا حوصلہ بڑھائیں۔ انہیں سرحدوں کے آر پار جانے کی اجازت دیں اور ترجیحی بنیادوں پر انہیں ویکسین فراہم کی جائے۔
واضح رہے کہ دنیا کا 80 فی صد تجارتی سامان سمندری راستوں سے اپنی منزل پر پہنچتا ہے۔
کرونا بحران نے مذہبی مقامات کی سیاحت کو کیسے متاثر کیا؟
کرونا وبا کی وجہ سے اسرائيل نے سیاحوں پر فضائی پابندياں برقرار رکھنے کا فيصلہ کيا ہے جس کے باعث دنيا بھر سے آنے والے مسيحی زائرين اس سال ايسٹر پر مقدس سر زمين پر واقع تاریخی مقامات کی زیارت نہيں کر پائيں گے۔ مزید دیکھیے اس رپورٹ میں۔
پاکستان میں 50 ہزار ٹیسٹ، مثبت آنے کی شرح 9.4 فی صد
پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 84 افراد ہلاک جب کہ 4723 متاثر ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں مزید 84 افراد کے ہلاک ہونے کے بعد مجموعی اموات 14 ہزار 697 ہو گئی ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں مزید 50 ہزار 186 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 9.4 فی صد رہی۔ یوں متاثرہ افراد میں مزید 4723 کا اضافہ ہوا۔ ملک بھر میں زیرِ علاج افراد کی تعداد 58 ہزار پانچ سو ہو گئی ہے۔