کینیا میں ویکسین کی نجی شعبے کے تحت درآمد پر پابندی
افریقہ کے ملک کینیا نے کرونا وائرس کی ویکسین نجی طور پر درآمد کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ اس طریقے سے ملک میں جعلی کرونا ویکسین آ سکتی ہے۔
نیشنل ایمر جنسی رسپانس کمیٹی کا جمعے کو جاری بیان میں کہنا تھا کہ ویکسی نیشن کے عمل میں شفافیت اور ملکی سالمیت کے لیے حکومت نجی سطح پر ویکسین کی درآمد، تقسیم اور ایڈمنسٹریشن کو فوری طور پر بند کر رہی ہے۔
خیال رہے کہ کینیا میں نجی طور پر درآمد کردہ روس کی ‘اسپتنک فائیو’ ویکسین 80 ڈالرز کے عوض لگائی جا رہی تھی۔ جب کہ حکومت ‘کوویکس’ کے تحت درآمد کردہ ‘ایسٹرا زینیکا’ اور ‘آکسفرڈ یونیورسٹی’ کی تیار کردہ کرونا ویکسین مفت لگا رہی ہے۔
کینیا میں حالیہ ہفتوں کے دوران فرنٹ لائن ورکرز میں ویکسین لگوانے سے متعلق مہم چلائی جا رہی ہے اور اب تک ایک ماہ کے دوران لگ بھگ ایک لاکھ 60 ہزار افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔
کینیا کو اب تک کرونا ویکسین کی 10 لاکھ خوراکیں موصول ہوئی ہیں۔
بھارت میں کیسز میں تیزی سے اضافہ، لاک ڈاؤن کا انتباہ
بھارت میں ہفتے کو گزشتہ چھ ماہ کے دوران کرونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہونے کے سبب بڑے شہروں میں لاک ڈاؤن اور دیگر پابندیاں نافذ کیے جانے سے متعلق سوچا جا رہا ہے۔
بھارت میں رواں سال مارچ کے اوائل میں رپورٹ کیے جانے والے یومیہ کیسز کی تعداد 15 ہزار کے لگ بھگ تھی۔ جب کہ رواں ماہ تین اپریل کو 89 ہزار سے زائد یومیہ کیس رپورٹ کیے گئے جن میں سے نصف سے بھی زیادہ 47 ہزار 827 کیسز ریاست مہاراشٹرا سے رپورٹ ہوئے۔
مہاراشٹرا کے وزیرِ اعلیٰ نے خبردار کیا ہے کہ اگر کرونا کیسز میں اضافہ اسی طرح جاری رہا تو لاک ڈاؤن لگایا جا سکتا ہے۔
بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں 3500 سے زائد کیسز رپورٹ کیے گئے۔ جو کہ رواں سال رپورٹ کیے جانے والے کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ تاہم وزیر اعلیٰ کی طرف سے لاک ڈاؤن نافذ کیے جانے کے امکان کو رد کیا گیا ہے۔
برطانیہ: 'ایسٹرا زینیکا' ویکسین لگوانے والے 30 میں سے سات افراد ہلاک
برطانیہ میں میڈیسن اور صحتِ عامہ کی ریگولیٹر ایجنسی ایم ایچ آر اے کا کہنا ہے کہ ان 30 افراد میں سے سات کی اموات ہو گئی ہیں جن میں برطانوی کرونا ویکسین ‘ایسٹرا زینیکا’ لگوانے کے بعد بلڈ کلوٹس (خون کے لوتھڑے) بننے کی شکایات سامنے آئی تھیں۔
ایجنسی کا جمعے کو 30 بلڈ کلوٹس کے کیسز رپورٹ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وبا کے خلاف ویکسین کار آمد ہے اور ایجنسی نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ویکسین لگواتے رہیں۔
فرانسیسی خبر ساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق ایسٹرا زینیکا کی ویکسین لگوانے کے بعد گزشتہ ماہ 24 مارچ تک شریانوں میں خون جمنے کے 22 اور پلیٹ لیٹس میں کمی کے آٹھ کیسز سامنے آئے تھے۔
ایجنسی کا مزید کہنا ہے کہ ویکسین لگوانے کے بعد مخصوص بلڈ کلوٹس کا رِسک بہت کم ہے۔
ایم ایچ آر اے کا رواں ماہ دو اپریل کو جاری کردہ بیان میں کہنا تھا کہ ویکسین کے نامؤاقف ردِ عمل سامنے آنے کی تعداد اور نوعیت، معمول کی ویکسین کے مقابلے میں غیر معمولی نہیں ہے۔
امریکہ 10 کروڑ ویکسین خوراکیں لگانے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا
امریکہ دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے جہاں 10 کروڑ شہریوں کو کرونا ویکسین لگانے کا سنگِ میل عبور کر لیا گیا ہے۔
صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ نے پہلے 100 دن میں کرونا ویکسین کی 10 کروڑ خوراکیں لگانے کا ہدف مقرر کیا تھا۔ تاہم امریکہ کے کچھ علاقوں میں ابھی بھی کرونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔
امریکی صدر بائیڈن کا رواں ہفتے جمعے کو کہنا تھا کہ وہ لوگوں سے درخواست کرتے ہیں کہ جو کچھ اس وبا کے خلاف حاصل کیا گیا ہے اسے ضائع مت کریں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ امریکی شہری گھروں میں رہتے ہوئے تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔