بھارت: ریاست مہاراشٹرا میں رات کا کرفیو نافذ
بھارت کی ریاست مہاراشٹرا میں کیسز میں اضافے کے بعد رات کا کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق کرونا وبا پر قابو پانے کے لیے ریاست بھر میں رات آٹھ بجے سے صبح سات بجے تک کرفیو نافذ رہے گا جب کہ پانچ یا اس سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی ہو گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ریاست میں شاپنگ مالز، ریستوران اور بارز بند رہیں گے تاہم اشیائے ضروریہ کی ہوم ڈلیوری کی اجازت ہو گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ انڈسٹریل آپریشن اور تعمیراتی کام کی اجازت ہو گی لیکن تھیٹرز بند رہیں گے۔
اسکول کھولنے یا مزید بند رکھنے کا فیصلہ منگل کو ہو گا
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ صحت اور تعلیم کے شعبوں کے وزرائے اعلیٰ کا اجلاس منگل کو ہو گا جس کے دوران اسکول کھولنے یا مزید بند رکھنے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
شفقت محمود کے مطابق این سی او سی کے اجلاس میں امتحانات کی صورتِ پر بھی بات چیت ہو گی۔
پاکستان میں بین الصوبائی ٹرانسپورٹ ہفتے میں دو روز بند رکھنے کا فیصلہ
پاکستان میں کرونا وائرس کی صورتِ حال کی نگرانی کرنے والے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ہفتے میں دو روز کے لیے بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
'این سی او سی' کے جاری کردہ ایک اعلامیے کے مطابق 10 سے 25 اپریل تک ہفتے میں دو روز (ہفتہ اور اتوار) بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بند رہے گی۔ تاہم مال بردار گاڑیوں، طبی سامان اور دیگر ایمرجنسی سروسز کی اجازت ہو گی۔
ریلوے آپریشن ہفتے میں معمول کے مطابق بحال رہیں گے تاہم مسافروں کی گنجائش 70 فی صد تک کر دی گئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق پابندی پر 20 اپریل کو دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔
بھارتی اداکار اکشے کمار بھی کرونا وائرس کا شکار
بھارت میں کرونا وائرس کی نئی لہر تیزی سے پھیل رہی ہے۔ اب تک کئی معروف شخصیات وائرس سے متاثر ہوچکی ہیں جس میں حالیہ اضافہ بالی وڈ اسٹار اکشے کمار کا ہے۔
بالی وڈ اداکار اکشے کمار نے ایک ٹوئٹ میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کی ہے۔
ترپن سالہ اداکار نے اتوار کی صبح کی گئی اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ ان کا کووڈ-19 کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وائرس کی تصدیق کے بعد اُنہوں نے خود کو الگ کر لیا ہے اور وہ اپنی ضروری دیکھ بھال کر رہے ہیں۔
بالی وڈ اسٹار نے ان تمام افراد سے کرونا ٹیسٹ کرانے کی درخواست بھی کی جو ان سے رابطے میں تھے۔
اکشے کمار کا شمار بھارت کے صفِ اول کے اداکاروں میں ہوتا ہے۔ وہ ایکشن، کامیڈی، رومانس سمیت مختلف موضوعات پر بننے والی درجنوں فلموں میں کام کر چکے ہیں۔
بالی وڈ اسٹار سے قبل ہفتے کو بھارتی کرکٹ ٹیم میں شامل اسپنر اکسر پٹیل نے بھی بتایا تھا کہ ان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
ایک ہفتے قبل سابقہ بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر میں بھی کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔