کرونا وائرس کے خلاف زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہے ہیں: بائیڈن
امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ اب کوئی الجھاؤ والے قوانین اور پابندیاں امریکی شہریوں کے ویکسین حاصل کرنے کی راہ میں حائل نہیں رہیں گی۔
صدر بائیڈن کی جانب سے یہ اعلان ایک ایسے وقت پر کیا گیا ہے، جب امریکہ میں کرونا کی چوتھی لہر جاری ہے، جو نوجوانوں کو متاثر کر رہی ہے۔
بائیڈن نے کہا کہ "ہم ابھی وبا اختتام کے قریب نہیں پہنچے۔ ابھی بہت سا کام باقی ہے۔ ہم اب بھی اس وائرس کے خلاف زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہے ہیں۔"
بائیڈن نے منگل کو ریاست ورجینیا کے ایک چرچ میں ویکسین لینے کی قطار میں موجود لوگوں سے کہا کہ جب وہ گھر جائیں تو اپنے تمام دوستوں کو بتائیں کہ جب بھی ممکن ہوسکے، وہ ویکسین لگوائیں۔
بچوں کے لیے کرونا ویکسین کتنی ضروری؟
کرونا ویکسین بنانے والی دوا ساز کمپنیوں فائزر اور بائیو این ٹیک نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی کووڈ-19 ویکسین 12 سے 15 سال تک کی عمر کے بچوں کو محفوظ رکھنے میں 100 فی صد کامیاب ثابت ہوئی ہے۔ کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں بچوں کے لیے ویکسین کو اہم کیوں سمجھا جارہا ہے؟ جانتے ہیں صبا شاہ خان سے۔
آئی پی ایل کے آغاز سے قبل غیر ملکی کھلاڑی کا ٹیسٹ مثبت
انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے 14 ویں ایڈیشن کے آغاز سے قبل ہی لیگ میں شامل کھلاڑیوں اور عملے پر کرونا نے وار شروع کر دیے ہیں۔
نو اپریل سے شروع ہونے والے ایونٹ کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن ممبئی انڈینز اور رائل چیلنجرز بنگلور کے درمیان چنئی میں کھیلا جائے گا۔
ایونٹ کو عالمی وبا سے بچانے کے لیے تماشائیوں کو گراؤنڈ میں میچ دیکھنے کی اجازت نہیں ہو گی تاہم ایونٹ کے آغاز سے قبل ہی دونوں ٹیموں میں کرونا کے مثبت کیسز سامنے آئے ہیں۔
ایونٹ میں شامل فرنچائز رائل چیلنجرز بنگلور نے بدھ کو اپنے ایک ٹوئٹ میں تصدیق کی ہے کہ ٹیم میں شامل غیر ملکی کھلاڑی ڈینئل سیمز کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد انہیں آئسولیٹ کر دیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق آل راؤنڈر کھلاڑی میں کرونا کی علامات ظاہر نہیں ہوئی ہیں لیکن انہیں آئسولیشن میں طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
فرنچائز کا کہنا ہے کہ ڈینئل کا تین اپریل کو کرونا ٹیسٹ کیا گیا تھا جو منفی آیا تھا جب کہ بھارت آمد کے موقع پر بھی ان کی کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ منفی تھی۔
بھارت: ریاست گجرات میں سخت پابندیاں نافذ
بھارت میں بدھ کو ریکارڈ کیسز رپورٹ ہونے کے بعد وزیرِ اعظم نریندر مودی کی ریاست گجرات میں میں پابندیاں نافذ کر دی گئی ہیں۔
گجرات کے وزیرِ اعلیٰ وجے روپانی نے اپنے ویڈیو پیغام میں ریاست میں سیاسی و سماجی اجتماعات پر پابندی کا اعلان کیا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ کا کہنا ہے کہ ریاست میں کرفیو کا دورانیہ بھی رات آٹھ بجے سے صبح چھ بجے تک رہے گا اور یہ 30 اپریل تک نافذ رہے گا۔
ریاست گجرات میں پابندیوں کا اعلان ایسے موقع پر کیا گیا ہے جب سب سے زیادہ متاثرہ ریاست مہاراشٹرا میں رات کا کرفیو نافذ ہے جب کہ ویک اینڈ پر لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق کرونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران عوام احتیاطی تدابیر پر عمل نہیں کر رہے اور وہ مذہبی و سیاسی اجتماعات میں شریک ہو رہے ہیں