پاکستان: 20 جون 2020 کے بعد ریکارڈ کیسز رپورٹ
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 5329 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ کیسز کی یہ تعداد 20 جون 2020 کے بعد سب سے زیادہ تعداد ہے۔
عالمی وبا کے شکار پاکستان میں مزید 98 مریض بھی دم توڑ گئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 15 ہزار 124 ہو گئی ہے۔
پاکستان میں کرونا کے شکار 3942 مریضوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے جب کہ ملک میں ایکٹو کیسز کی تعداد 66 ہزار 994 ہے۔
بھارتی شہریوں کے نیوزی لینڈ داخلے پر پابندی
نیوزی لینڈ نے بھارت سے آنے والے تمام مسافروں کے ملک میں داخلے پر دو ہفتوں کے لیے عارضی پابندی عائد کر دی ہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب ملک میں کرونا کے 23 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے 17 کیسز کا تعلق بھارت سے ہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے لگائی جانے والی اس پابندی کا اطلاق 11 اپریل سے 28 اپریل تک ہو گا جب کہ اس دوران نیوزی لینڈ کے وہ شہری جو کسی وجہ سے بھارت گئے تھے، وہ پابندی کے عرصے کے دوران وطن واپس نہیں آ سکیں گے۔
نیوزی لینڈ میں داخلے کی پابندی ان افراد کے لیے ہے جو گزشتہ 14 روز سے بھارت میں تھے۔
نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جسنڈا آرڈن نے آکلینڈ میں نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ "ہم بھارت سے آنے والے تمام تر مسافروں کی نیوزی لینڈ آمد پر عارضی پابندی عائد کر رہے ہیں۔"
بھارت میں ریکارڈ ایک لاکھ 26 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ
بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ایک لاکھ 26 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ایک روز کے دوران کیسز کی یہ ریکارڈ تعداد ہے۔
بھارت میں جہاں وبا پر قابو پانے کے لیے مختلف ریاستوں میں پابندیاں نافذ کی جا رہی ہیں وہیں یومیہ کیسز کی تعداد میں بھی حالیہ چند ہفتوں کے دوران تیزی دیکھی جا رہی ہے۔
جعمرات کو تیسری مرتبہ بھارت میں ایک لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ایک لاکھ 26 ہزار 789 کیسز اور 685 ہلاکتیں ہوئی ہے۔
بھارت میں کیسز کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 29 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے جب کہ عالمی وبا سے اب تک ایک لاکھ 66 ہزار 862 مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔
بھارتی وزیرِ اعظم نے کرونا کی دوسری خوراک لگوا لی