رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

13:22 12.4.2021

اسپتالوں پر دباؤ بڑھتا جا رہا ہے: اسد عمر

پاکستان کے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ پیر کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس کے دوران وبا کے پھیلاؤ، اسپتالوں میں گنجائش اور پابندیوں سے متعلق احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔

اسد عمر نے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ ایس او پیز پر عمل درآمد کی صورتِ حال اب بھی بہت نازک ہے اور اسپتالوں پر دباؤ بھی بڑھتا جا رہا ہے۔

اسد عمر کے مطابق حکام کو کہا گیا ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کرائیں تاکہ کسی بحران سے محفوظ رہا جا سکے۔

13:05 12.4.2021

برطانیہ میں کرونا پابندیوں میں مزید نرمی کا اعلان

فائل فوٹو
فائل فوٹو

برطانوی حکومت نے کرونا پابندیوں میں مزید نرمی کا اعلان کرتے ہوئے ریستوران، جم، لائبریریز اور شراب خانوں کو جزوی طور پر کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔

حکومتی اعلان کے بعد ان ڈور جم، سوئمنگ پولز، چڑیا گھر اور لائبریریز کے دروازے عوام کے لیے کھل جائیں گے۔

رمضان المبارک کے موقع پر برطانیہ میں مساجد بھی کھلی رہیں گی لیکن نمازیوں کو سماجی فاصلے کی دوری کی احتیاط کے ساتھ نماز پڑھنے کی اجازت ہو گی۔

وزیرِ اعظم بورس جانسن نے پابندیوں میں نرمی کو 'آزادی کی جانب سے بڑھتے قدم' سے تشبیہ دی ہے۔

بورس جانسن نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ پابندیوں میں نرمی سے ان کاروباری حضرات کو بڑا ریلیف ملے گا جنہوں نے طویل عرصے سے اپنا کاروبار بند کر رکھا تھا۔

12:28 12.4.2021

خیبرپختونخوا: کرونا کے مریض صحت کارڈ کے ذریعے علاج کرا سکیں گے

پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے وزیرِ صحت تیمور خان جھگڑا نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں کرونا کے مریض صحت کارڈ کی مدد سے مفت علاج کرا سکیں گے۔

ان کے بقول صوبے میں کسی بھی سرکاری اور مختص پرائیوٹ اسپتال میں کرونا کے مریض علاج کرا سکتے ہیں۔

تیمور جھگڑا نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں وہ لوگوں کی مشکلات کم کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔

11:08 12.4.2021

پاکستان میں مزید 58 ہلاکتیں

پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے شکار مزید 58 مریض ہلاک ہو گئے ہیں جب کہ 4201 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 4584 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد سات لاکھ 25 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

عالمی وبا سے پاکستان میں اب تک 15 ہزار 501 افراد ہلاک اور چھ لاکھ 34 ہزار سے زیادہ صحت یاب ہو چکے ہیں۔

پاکستان میں کرونا وائرس کی تیسری لہر کی شدت برقرار ہے اور ایکٹو کیسز کی تعداد 75 ہزار 266 تک پہنچ گئی ہے جس میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG