رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

10:53 22.4.2021

بھارت: ایکٹو کیسز کی تعداد 22 لاکھ سے متجاوز

بھارت میں کرونا وائرس کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں اموات کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 84 ہزار 657 ہو گئی ہے جب کہ ایکٹو کیسز کی تعداد 22 لاکھ 91 ہزار سے زیادہ ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں کرونا وائرس کے ایک کروڑ 59 لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں سے ایک کروڑ 34 لاکھ سے زیادہ مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

10:36 22.4.2021

امریکہ: 116 ممالک سفر نہ کرنے والی ایڈوائزری لسٹ میں شامل

فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکی محکمۂ خارجہ نے رواں ہفتے مزید 116 ممالک کو سفر نہ کرنے والی ایڈوائزری لسٹ میں شامل کر لیا ہے۔

ان ممالک میں برطانیہ، کنیڈا، فرانس، اسرائیل، میکسیکو، جرمنی اور دیگر شامل ہیں۔ اس فہرست میں شامل ممالک کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہاں تیزی سے وبا پھیل رہی ہے۔

اس سے قبل محکمۂ خارجہ کی سفر نہ کرنے والی ایڈوائزری میں 34 ممالک شامل تھے جنہیں سفر کے لیے غیر موزوں قرار دیا گیا تھا تاہم اب یہ تعداد 150 ہو گئی ہے۔

سفر کے لیے غیرموزوں قرار دیے جانے والے دیگر ممالک میں فن لینڈ، مصر، بیلجیئم، ترکی، اٹلی، سوئیڈن، سوئٹزرلینڈ اور اسپین بھی شامل ہیں۔

کچھ ممالک جیسے چین اور جاپان بدستور لیول تھری کیٹیگری میں شامل ہیں جس کا مطلب ان ملکوں کا سفر کرنے والے اپنے پروگرام پر نظرثانی کریں۔

10:00 22.4.2021

جرمنی: کرونا پابندیوں کی خلاف ورزی پر 60 مظاہرین گرفتار

جرمن پارلیمنٹ کے باہر کرونا وائرس کی پابندیوں کی خلاف ورزی پر 60 مظاہرین کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

مظاہرین کرونا کی تیسری لہر کے پیش نظر چانسلر انجیلا مرکل کو سخت پابندیاں عائد کرنے کے اختیارات دینے سے متعلق بِل کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔

اس موقع پر پارلیمنٹ کے باہر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی جب کہ پولیس نے 60 افراد کو حراست میں لے لیا۔

پولیس ترجمان نے بتایا کہ مظاہرین نے ماسک نہیں پہنے ہوئے تھے اور وہ سماجی فاصلے کے اصولوں کی خلاف ورزی کر رہے تھے جس پر پولیس کا احتجاج ختم کرانا پڑا۔

09:26 22.4.2021

کرونا کا نیا عالمی ریکارڈ، بھارت میں تین لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ

بھارت میں یومیہ کیسز اور اموات کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
بھارت میں یومیہ کیسز اور اموات کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے تین لاکھ 14 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ایک روز کے دوران سامنے آنے والے کیسز کی یہ تعداد نہ صرف بھارت بلکہ عالمی سطح پر یومیہ سب سے بڑی تعداد ہے۔

بھارت کو عالمی وبا کی دوسری لہر کا سامنا ہے جس کے دوران کیسز اور اموات کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 2104 مریض ہلاک ہوئے ہیں جو ایک روز کے دوران ہلاکتوں کی ریکارڈ تعداد ہے۔

بھارت میں مسلسل آٹھویں روز دو لاکھ سے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ کیسز کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 59 لاکھ تک جا پہنچی ہے۔

یاد رہے کہ بھارت سے قبل امریکہ میں ایک روز کے دوران سب سے زیادہ کیسز رواں برس جنوری میں رپورٹ ہوئے تھے۔ کیسز کی یہ تعداد دو لاکھ 97 ہزار 430 تھِی۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG