وزیرِ اعظم نے شہروں میں فوج طلب کر لی ہے: فواد چوہدری
ایس او پیز پر عمل در آمد، پولیس کی مدد کے لیے فوج کو کہا ہے: عمران خان
وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت کرونا وائرس کی صورتِ حال پر اجلاس کے دوران اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔
اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کے دوران وزیرِ اعظم نے کہا کہ کرونا وائرس کی احتیاط پر عمل درآمد کرانے کے سلسلے میں پولیس کی معاونت کے لیے فوج سے مدد کو کہا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ اگر ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کیا گیا تو شہروں کو بند بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے ملک بھر میں نئی پابندیوں کا اعلان کیا ہے۔
اسد عمر کے مطابق دفتری اوقات دوپہر دو بجے تک محدود ہوں گے، عید تک آؤٹ ڈور ڈائننگ پر پابندی ہو گی جب کہ شام چھ بجے تک تمام بازار بند ہوں گے تاہم ضروری اشیا کی دکانیں کھلی رہیں گی۔
اسد عمر نے اعلان کیا کہ وہ اضلاع جہاں کیسز کی شرح پانچ فی صد ہو گی وہاں تمام اسکول بند رہیں گے۔
کیسز کا نیا عالمی ریکارڈ، بھارت میں تین لاکھ 32 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ
بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے تین لاکھ 32 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ عالمی سطح پر یومیہ کیسز کی یہ ریکارڈ تعداد ہے۔
بھارت میں مسلسل دوسرے روز کرونا وائرس کے تین لاکھ سے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں۔ وزارتِ صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں وبا کے شکار مزید 2263 مریض ہلاک ہوئے ہیں جو اب تک وبا سے ہونے والی اموات کی ریکارڈ تعداد ہے۔
بھارت میں کرونا کے مجموعی کیسز کی تعداد ایک کروڑ 62 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ وبا سے اب تک ایک لاکھ 86 ہزار 928 مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں ایکٹو کیسز کی تعداد 24 لاکھ سے زیادہ ہے۔
کرونا کیسز اور اموات میں حالیہ اضافے کے بعد وزیرِ اعظم نریندر مودی نے انتخابی مہم کے سلسلے میں جمعے کو بنگال کا دورہ منسوخ کر دیا ہے اور وہ آج ملک بھر میں کرونا وائرس کی صورتِ حال پر اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔
بھارت میں ریکارڈ کووڈ کیسز، معاملہ کیا ہے؟
بھارت میں کرونا وائرس کی دوسری لہر قیامت ڈھا رہی ہے۔ اسپتالوں میں مریضوں کے لیے جگہ کم پڑ گئی ہے۔ شمشان گھاٹوں اور قبرستانوں میں میتوں کے لیے بروقت جگہ بنانا مشکل ہورہا ہے۔دارالحکومت نئی دہلی میں لاک ڈاؤن ہے تاکہ وبا کا پھیلاؤ محدود کر کے اسپتالوں پر بوجھ کم کیا جا سکے۔ مزید جانتے ہیں سہیل انجم سے۔