رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

19:50 25.4.2021

دنیا بھر میں ایک ارب سے زائد افراد کی کرونا ویکسی نیشن مکمل

دنیا کے مختلف ممالک میں کرونا سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کا سلسلہ جاری ہے۔ ہفتے کو مجموعی طور پر ایک ارب سے زائد افراد کو ویکسین لگانے کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔

البتہ، ویکسی نیش مہم کی رفتار امیر اور ترقی یافتہ ممالک میں زیادہ جب کہ دنیا کے بیشتر ممالک میں سست روی کا شکار ہے۔

دنیا میں کرونا ویکسی نیشن کا سنگِ میل ایسے وقت میں عبور کیا گیا ہے جب دنیا کے مختلف ممالک خصوصاً بھارت وائرس سے بری طرح متاثر ہے۔ تاہم اب بھی یہ اُمید کی جا رہی ہے کہ اگر ویکسی نیشن مہم میں تیزی لائی گئی تو وائرس کا پھیلاؤ کم ہو سکتا ہے۔

دنیا بھر میں جمعے کو آٹھ لاکھ 93 ہزار ریکارڈ یومیہ کیس رپورٹ ہوئے۔

16:38 25.4.2021

کرونا کی بگڑتی صورتِ حال: دہلی میں مزید ایک ہفتے کا لاک ڈاؤن، پاکستان کی مدد کی پیش کش

بھارت میں کرونا وائرس کی دوسری لہر میں شدت کے باعث بگڑتی صورتِ حال پر پڑوسی ملک پاکستان کی جانب سے ضروری طبی سامان کی فراہمی کی پیش کش کی گئی ہے جب کہ امریکی وزیرِ خارجہ نے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں امریکہ بھارت کی ہر ممکن مدد کرے گا۔

بھارت میں اتوار کو ایک مرتبہ پھر کرونا وائرس کے ریکارڈ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور تین لاکھ 49 ہزار 691 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

بھارت کے اسپتال مریضوں سے بھر چکے ہیں جب کہ آکسیجن کی کمی کی وجہ سے کئی ریاستوں میں حالات انتہائی خراب ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اتوار کو کرونا وائرس سے دو ہزار 767 ہلاکتیں بھی ہوئی جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد ایک لاکھ 92 ہزار 311 ہو گئی ہے۔

پاکستان کی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی عوام سے اظہار یکجہتی کے طور پر پاکستان نے وینٹی لیٹرز، آکسیجن سپلائی کٹس، ڈیجیٹل ایکس رے مشینز، پی پی ایز اور دیگر متعلقہ سامان پر مشتمل امداد کی پیش کش کی ہے۔ جو واہگہ بارڈر کے راستے بھارت بھجوائی جا سکتی ہیں۔

وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ پاکستان انسانیت پہلے کی پالیسی پر یقین رکھتا ہے اور اسی تناظر میں بھارت کو پیش کش کی ہے۔ اب ان کے جواب کا انتظار ہے۔

پاکستان کی جانب سے بھارت کو طبی سامان کی فراہمی کی پیش کش ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان کے وزیرِاعظم عمران خان نے بھی ایک ٹوئٹ میں بھارتی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا تھا۔

مزید پڑھیے

16:08 25.4.2021

کرونا نے بھارت کو ہلا کر رکھ دیا ہے: نریندر مودی

بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ کرونا وبا کی دوسری لہر نے بھارت کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔

اتوار کو ریڈیو پر اپنے ماہانہ خطاب میں بھارتی وزیرِ اعظم نے کہا کہ کرونا ہمارے صبر اور دکھ برداشت کرنے کی ہمت کا امتحان لے رہا ہے۔

بھارتی وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ کرونا کی پہلی لہر کا کامیابی سے مقابلہ کرنے کے بعد ہمارے حوصلے بلند تھے۔ لیکن اس حالیہ طوفان (دوسری لہر) نے ہمیں ہلا کر رکھ دیا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ کرونا کے خلاف جنگ میں ریاستوں کے ساتھ تعاون کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔

بھارتی وزیرِ اعظم کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارت میں کرونا وائرس کی دوسری لہر شدت اختیار کر چکی ہے۔ دارالحکومت نئی دہلی کے سرکاری اور نجی اسپتال مریضوں سے بھر چکے ہیں جب کہ اسپتالوں کے باہر گاڑیوں میں مریضوں کو طبی سہولیات دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

اطلاعات کے مطابق آکسیجن اور بیڈز کی قلت کے باعث کئی مریض طبی امداد نہ ملنے کے باعث بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

15:53 25.4.2021

پنجاب کے 25 اضلاع میں اسکول غیر معینہ مدت کے لیے بند

پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کے وزیرِ تعلیم ڈاکٹر مراد راس نے کہا ہے کہ کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر صوبے کے 25 اضلاع کے اسکول غیر معینہ مدت تک کے لیے بند کر دیے گئے ہیں۔ ان اضلاع میں نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہویں جماعت کی کلاسز بھی نہیں ہو سکیں گی۔

خیال رہے کہ پہلی سے آٹھویں جماعت کی کلاسز کے لیے اسکول پہلے سے ہی بند ہیں۔

جن اضلاع میں پیر 26 اپریل سے بڑی کلاسز کے لیے بھی اسکول بند رہیں گے ان میں لاہور، قصور، راولپنڈی، ملتان، پاکپتن، فیصل آباد، چکوال، حافظ آباد، جھنگ، بھکر، ساہیوال، شیخوپورہ، سیالکوٹ، بہاولپور، بہاولنگر، اوکاڑہ، خانیوال اور ڈیرہ غازی خان شامل ہیں۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG