پاکستان: تین مئی سے 40 سے 49 برس کے درمیان افراد کی ویکسی نیشن کا آغاز ہو گا
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان میں 40 سے 49 برس کے درمیان افراد کی ویکسی نیشن کا آغاز تین مئی سے کیا جائے گا۔
ان کے بقول ملک میں لگاتار دوسرے روز بھی کرونا کی ایک لاکھ سے زائد ویکسین لگائی گئی ہیں اور ویکسین کے لیے رجسٹریشن کے عمل میں بھی تیزی آئی ہے۔
پاکستان میں مزید 151 ہلاکتیں، پانچ ہزار 480 نئے کیسز رپورٹ
بھارت میں کرونا کے ریکارڈ کیسز، تین ہزار سے زائد اموات
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے تین لاکھ 79 ہزار 257 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ وائرس سے مزید تین ہزار 645 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
وزارت صحت کے مطابق ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد ایک کروڑ 83 لاکھ سے زائد ہو چکی ہے جب کہ وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد دو لاکھ چار ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
بھارت میں مسلسل آٹھویں روز کرونا کے تین لاکھ سے زائد نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
امریکہ کا بھارت کو آکسیجن سیلنڈرز، ماسک اور کرونا ٹیسٹنگ کٹس دینے کا اعلان
عالمی وبا کرونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے لیے امریکہ نے بھارت کے لیے 10 کروڑ سے زائد مالیت کی کرونا سپلائز دینے کا اعلان کیا ہے۔
وائٹ ہاؤس سے بدھ کو جاری بیان میں کہا گیا ہے امریکہ کی جانب سے بھارت کو کرونا وائرس کی سپلائز بھیجنے کا آغاز جمعرات سے کیا جائے گا جو آئندہ ہفتے تک جاری رہے گا۔
کرونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے لیے امریکہ کی طرف سے فراہم کی جانے والی کووڈ سپلائز میں ایک ہزار آکسیجن سلینڈرز، ڈیڑھ کروڑ این 95 ماسک اور 10 لاکھ فوری طور پر کرونا کا ٹیسٹ کرنے والی کٹس شامل ہیں۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکہ نے اپنے ملک کے لیے دیا جانے والا ایسٹرا زینیکا ویکسین کا آرڈر اب بھارت کے لیے دے دیا ہے جس کے تحت کرونا وائرس کی ویکسین کی دو کروڑ خوراکیں تیار کی جائیں گی۔