بھارت: چند گھنٹوں میں ویکسین کے لیے ایک کروڑ سے زائد رجسٹریشن
بھارت کی حکومت کی جانب سے یکم مئی سے 18 سے 44 سال کی عمر کے لوگوں کو ویکسین لگانے کے اعلان کے بعد نوجوانوں میں ویکسین رجسٹریشن کے لیے جوش دیکھا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق 28 اپریل کی شام چار بجے ’کو۔وِن‘ ایپ پر رجسٹریشن کا آغاز ہوا اور اب تک ایک کروڑ 70 لاکھ افراد خود کو رجسٹر کرا چکے ہیں۔
حکام کے مطابق رجسٹریشن شروع ہونے کے ابتدائی تین گھنٹوں یعنی چار سے سات بجے کے دوران 38 کروڑ 30 لاکھ اے پی آئی ہٹس درج کی گئیں۔ یعنی 27 لاکھ ہٹس فی منٹ ریکارڈ کی گئیں۔ اس کے علاوہ ایک کروڑ 45 لاکھ ٹیکسٹ میسج کامیابی کے ساتھ ڈلیور ہوئے۔
کیسز میں اضافے کے پیشِ نظر ترکی میں تین ہفتوں کا لاک ڈاؤن
ترکی میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیشِ نظر تین ہفتوں کا لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ہے جو جمعرات کی شب سے نافذ العمل ہو گا۔
نئے لاک ڈاؤن کو وبا کے آغاز سے لے کر اب تک کا سخت لاک ڈاؤن قرار دیا جا رہا ہے جس کے تحت اسکولز، بارز اور دیگر کاروبار بند رہیں گے جب کہ صرف ضروری اشیا کی دکانیں کھولنے کی اجازت ہو گی۔
نئی پابندیوں کے تحت انٹرسٹی سفر بھی خصوصی اجازت ناموں کے تحت ہی کیا جا سکے گا۔
خیال رہے کہ ترکی میں بدھ کو 40 ہزار نئے کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ ترک حکومت نے مارچ میں وائرس کا پھیلاؤ کم ہونے کی وجہ سے پابندیاں نرم کر دی تھیں۔ تاہم حالیہ دنوں میں کیسز میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا ہے۔
ترک صدر رجب طیب ایردوان کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ یومیہ کیسز کی تعداد پانچ ہزار سے نیچے لانا ہو گی ورنہ سیاحت تعلیم اور تجارت ہر شعبہ بری طرح متاثر ہو سکتا ہے۔
پاکستان میں آٹھ سے 16 مئی تک 'محفوظ رہو گھر رہو' پالیسی اپنانے کا فیصلہ
پاکستان میں کرونا وبا کی صورتِ حال پر نظر رکھنے والے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے عید الفطر کے موقع پر ملک بھر میں مزید پابندیوں کا اعلان کر دیا ہے۔
این سی او سی کی جانب سے جمعرات کو عید کی چھٹیوں کے دوران وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے مزید اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے۔
- آٹھ سے 16 مئی تک 'محفوظ رہو گھر رہو' کی پالیسی اپنانے کا فیصلہ
- عیدالفطر پر 10 سے 15 مئی تک تعطیلات
- پانچ سے 20 مئی تک بیرون ملک سے آنے والی پروازوں پر پابندی
- چاند رات بازاروں پر پابندی کا فیصلہ
- مہندی، جیولری، چوڑیوں اور کپڑوں کے اسٹالز پر پابندی
- تعطیلات کے دوران بین الصوبائی، انٹر سٹی ٹرانسپورٹ پر پابندی
- نجی گاڑیوں، رکشوں، ٹیکیسیوں کو 50 فی صد سواریاں بٹھانے کی ہدایت
- ہوٹلز سے کھانا گھر لے جانے کی اجازت ہو گی
- تعطیلات کے دوران تفریحی اور سیاحتی مقامات بھی بند رہیں گے
- شاپنگ مالز بھی آٹھ سے 16 مئی تک بند رہیں گے
امریکہ کا اپنے شہریوں کو بھارت سے واپس آنے کا مشورہ
امریکہ کے محکمۂ خارجہ نے لیول فور سفری ایڈوائزری جاری کی ہے جس کے تحت امریکی شہریوں کو بھارت سفر نہ کرنے اور جتنی جلدی ہو سکے بھارت سے واپس آنے کا مشورہ دیا ہے۔
کرونا کی موجودہ صورتِ حال کو مدِ نظر رکھتے ہوئے امریکہ نے اپنے شہریوں کو بھارت سے واپسی آنے کے لیے کمرشل پروازیں استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
امریکہ کے محکمۂ ٹریول اسٹیٹ نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ امریکہ کے لیے روزانہ براہِ راست پروازیں اور فرانس کے دارالحکومت پیرس اور جرمنی کے شہر فرینک فرٹ کی پرواز کے ذریعے واپس آ سکتے ہیں۔