رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

20:23 1.5.2021

بھارت میں وبا کے تیز پھیلاؤ کی وجہ کیا وہاں سامنے آنے والی کرونا کی نئی قسم ہے؟

بھارت میں رواں ماہ کے دوران دیگر ممالک کے مقابلے میں سب سے زیادہ تیزی سے کرونا وائرس وبا پھیلنے کا ریکارڈ سامنے آیا ہے۔ کیسز میں اضافے کے باعث دارالحکومت دہلی اور ممبئی کے اسپتالوں میں بستروں، دواؤں اور آکسیجن کی قلت ہو گئی ہے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق سائنس دان بھارت میں وبا کے اس تیز ترین پھیلاؤ کی وجوہ کا جائزہ لے رہے ہیں۔ خاص طور پر اس سوال کا جواب تلاش کیا جا رہا ہے کہ وبا کی اس شدت کے لیے حال ہی میں بھارت میں سامنے آنے والی کرونا وائرس کی نئی قسم کو کتنا ذمے دار ٹھیرایا جا سکتا ہے۔

بھارت میں سامنے آنے والی کرونا وائرس کی نئی قسم یا ’ویرینٹ بی ون سکس ون سیون‘ (B.1.617) کے کیسز اب تک 17 ممالک میں سامنے آ چکے ہیں اور اس حوالے سے ماہرین کو مختلف خدشات کا سامنا ہے۔

مزید جانیے

20:21 1.5.2021

بھارت: رواں ہفتے یومیہ کیسز عروج پر پہنچنے کا اندیشہ

بھارتی حکومت کو ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ رواں ماہ تین سے پانچ مئی کے دوران کرونا کیسز عروج پر پہنچ سکتے ہیں۔

حکومت کی طرف سے بنائے گئے سائنس دانوں کے گروپ کے سربراہ ایم ودیاسگر کا کہنا ہے کہ وہ سمجھتے ہیں کہ اگلے ہفتے میں ملک بھر میں کرونا کیسز عروج پر ہوں گے۔

ودیاگاسگر کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے اعلیٰ حکومتی عہدیداروں کو رواں سال دو اپریل کو دی جانے والی ایک پریزینٹیشن میں بتایا تھا کہ پانچ سے دس مئی کے دوران سب سے زیادہ کرونا کیسز سامنے آ سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ بھارت میں مسلسل نویں دن کرونا کے یومیہ تین لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں جب کہ جمعے کو بھی تین لاکھ 86 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ کیے گئے۔

بھارت میں پچھلے سال وسط ستمبر میں وبا کی پہلی لہر کے دوران سب سے زیادہ کیسز 97 ہزار سے زائد رپورٹ کیے گئے تھے۔ جب کہ اب اس سے تین گنا زیادہ یومیہ کیسز سامنے آ رہے ہیں۔

بھارت میں اب تک کرونا کے ایک کروڑ 80 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ اور دو لاکھ آٹھ ہزار اموات رپورٹ کی گئی ہیں۔

19:47 1.5.2021

پاکستان: صرف 20 فی صد بین الاقوامی پروازوں کو آمد کی اجازت

پاکستان میں کرونا وبا پر نظر رکھنے کے لیے قائم نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا ہفتے کو کہنا ہے کہ وبا کے سبب صرف 20 فی صد بین الاقوامی پروازوں کو پاکستان آنے کی اجازت ہو گی۔

این سی او سی کے مطابق دنیا بھر اور خطے میں بڑھتے ہوئے کرونا کیسز کے پیشِ نظر رواں ماہ پانچ مئی سے 20 مئی تک پاکستان آنے والی پروازوں میں کمی کی جائے گی۔

تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ اس پابندی کا اطلاق کن ممالک سے آنے والی پروازوں اور کن ایئر لائنز پر ہو گا۔

این سی او سی کے مطابق اس پابندی پر 18 مئی کو نظرِ ثانی کی جائے گی۔

دوسری طرف وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں کرونا کی دو نئی اقسام جنوبی افریقی اور برازیلی سامنے آئی ہیں۔

کرونا وائرس کی نئی اقسام کی تشخیص کے لیے این آئی ایچ اقدامات کرے گی۔

خیال رہے کہ پاکستان میں جاری وبا کی تیسری لہر کے دوران کرونا کیسز میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران مزید 4 ہزار 696 افراد وبا سے متاثر اور 146 افراد ہلاک ہوئے۔

19:42 1.5.2021

بھارت: گجرات کے کرونا اسپتال میں آتشزدگی سے 18 افراد ہلاک

بھارت کی مغربی ریاست گجرات میں کرونا کے مریضوں کے لیے مختص اسپتال میں جمعے کی رات آگ لگ گئی جس کی وجہ سے کرونا کے 16 مریض اور دو طبی عملے کے افراد ہلاک ہو گئے۔

رپورٹس کے مطابق پٹیل ویلفیئر اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں آدھی رات کے قریب آگ لگی۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔

مقامی ذرائع ابلاغ میں نشر کی جانے والی ویڈیوز میں اسپتال کا وارڈ آگ کے سبب مکمل طور پر تباہ دیکھا جا سکتا ہے۔

وزیرِ اعظم نریندر مودی کا ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ انہیں آگ کے سبب ہونے والی اموات پر دکھ ہے۔

خیال رہے کہ رواں سال 23 اپریل کو ممبئی کے مضافات میں قائم ایک اسپتال میں لگنے والی آگ سے 12 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG