بھارت میں تین لاکھ 68 ہزار سے زائد نئے کیس
بھارت کی وزارت صحت کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے مزید تین لاکھ 68 ہزار 147 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ تین ہزار 417 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جس کے بعد مجموعی ہلاکتیں دو لاکھ 18 ہزار 969 ہوگئی ہیں۔
بھارت میں کرونا وائرس کے 34 لاکھ مریض زیرِ علاج ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت میں کرونا سے متعلق اعدادوشمار 10 گنا زیادہ ہو سکتے ہیں۔
کرونا وبا کی شدت جاری رہنے کے ساتھ ساتھ بھارت کے اسپتالوں میں بستروں، طبی سامان، دواؤں اور آکسیجن کی قلت بھی برقرار ہے۔
یومیہ ہلاکتوں کے باعث مردہ خانوں اور آخری رسومات کی ادائیگی کے مقامات پر بھی جگہ کم پڑگئی ہے۔
وبا کی شدت کے باعث اسپتالوں پر دباؤ کی وجہ سے پیر کو حکومت نے نرسوں اور ڈاکٹروں کے امتحانات ملتوی کردیے ہیں۔
اس کے علاوہ زیرِ تربیت طبی عملے کو کرونا وائرس کا علاج کرنے والے اہل کاروں اور عملے کے ساتھ کام کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
تائیوان نے بھارت سے آںے والے مسافروں پر پابندی لگا دی
تائیوان نے گزشتہ 14 روز کے دوران بھارت میں رہنے والے مسافروں کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے جس کا اطلاق منگل سے ہو گا۔
تائیوانی حکام کا کہنا ہے کہ یہ پابندی ملک میں وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے لگائی گئی ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق بھارت میں وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کا سبب بننے والا بھارتی ویرینٹ برطانیہ اور ایران سمیت دنیا کے 17 ممالک تک پھیلنے کا انکشاف ہوا ہے۔
آسٹریلیا پہلے ہی بھارت سے آنے والوں مسافروں کے داخلے پر پابندی عائد کر چکا ہے۔
بھارت میں گزشتہ کئی روز سے روزانہ تین لاکھ سے زائد یومیہ کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں جب کہ اموات بھی مسلسل بڑھ رہی ہیں۔
دو کھلاڑیوں میں کرونا کی تشخیص، انڈین پریمیئر لیگ کا میچ منسوخ
بھارت میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز نے انڈین پریمیئر لیگ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جس میں بائیو سیکیور ببل کے باوجود دو کھلاڑیوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
آئی پی ایل انتظامیہ کے مطابق آئی پی ایل فرنچائز کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے دو کھلاڑیوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد رائل چیلنجرز بنگلور کے ساتھ حیدرآباد میں آج شیڈول اس کا میچ منسوخ کر دیا گیا ہے۔
کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔
بھارت میں کرونا کیسز میں ریکارڈ اضافے اور اموات کے بعد آئی پی ایل جاری رکھنے پر بعض حلقے تنقید بھی کر رہے تھے۔ تاہم انتظامیہ کا یہ موقف تھا کہ یہ تمام میچز بائیو سیکیور ببل یعنی کرونا سے بچاؤ کے لیے کیے گئے سخت انتظامات کے تحت کرائے جا رہے ہیں۔
پاکستان کو جون تک ویکسین کی ایک کروڑ نوے لاکھ خوراکیں مل جائیں گی: ڈاکٹر فیصل سلطان
وزیرِ اعظم پاکستان کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ پاکستان کو جون تک کرونا سے بچاؤ کی ویکسین کی ایک کروڑ نوے لاکھ خوراکیں موصول ہو جائیں گی۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ پاکستان ویکسین کی تین کروڑ خوراکیں خریدنے کے معاہدے کر چکا ہے۔
ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ چین کی تیارکردہ سنگل ڈوز 'کین سائنو' ویکسین بھی جلد لگانے کا سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کے تحت 'کین سائنو' ویکسین کی ماہانہ 30 لاکھ خوراکیں تیار کی جائیں گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہر روز ڈیڑھ لاکھ افراد کو ویکسین لگائی جا رہی ہے جب کہ یومیہ ویکسی نیشن کی تعداد تین لاکھ تک کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔