روس کا 'اسپوتنک فائیو' کی تیاری کے لیے چینی کمپنیوں سے معاہدہ
دنیا بھر میں کووڈ-19 ویکیسن کی مانگ میں اضافے کے بعد روس نے چین کی تین بڑی کمپنیوں کے ساتھ کرونا وائرس کے خلاف بنائی گئی روسی ویکسین 'اسپوتنک فائیو' بنانے کے لیے معاہدہ کیا ہے۔
روس نے حالیہ ہفتوں میں چین کی ویکسین بنانے والی کمپنیوں کے ساتھ تین معاہدوں کا اعلان کیا ہے، جن کے تحت یہ کمپنیاں کُل 260 ملین خوراکیں تیار کریں گی۔
روس کے ترجمان، دمتری پیسکوف کا کہنا ہے کہ 'اسپوتنک فائیو' کی مانگ اتنی بڑھ چکی ہے کہ وہ روس میں مقامی سطح پر تیار کی جانے والی ویکسین کی پیداوار سے کہیں زیادہ ہے۔
اس فیصلے کے معنی یہ ہیں کہ لاطینی امریکہ، مشرق وسطٰیٰ اور افریقہ کے وہ ممالک جنہوں نے روس سے ویکسین درآمد کرنے کے معاہدے کئے ہیں، انہیں روسی ویکسین تک جلد رسائی حاصل ہو جائے گی۔
پاکستان میں تین ہزار 300 سے زائد نئے مریض
پاکستان میں کرونا وائرس کی تیسری لہر کے دوران مزید 161 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 37 ہزار 587 ٹیسٹ کیے گئے جس میں تین ہزار 377 میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔
ملک میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح 8.98 فی صد رہی۔
پاکستان میں مجموعی طور پر آٹھ لاکھ سے زائد کرونا کیسز اور 18 ہزار سے زیادہ اموات ہو چکی ہیں۔
ملک میں کرونا کے فعال کیسز 86 ہزار 151 ہیں جس میں پانچ ہزار 326 افراد نگہداشت کی حالت میں ہیں۔
بھارت میں تین ہزار 449 افراد ہلاک
بھارت میں کرونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید تین لاکھ 57 ہزار 229 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
وزارتِ صحت کے مطابق ملک میں منگل کو مزید تین ہزار 449 افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔
بھارت میں منگل کو نئے کرونا کیسز کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد دو کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے۔
ملک میں عالمی وبا سے ہونے والی اموات دو لاکھ بیس ہزار سے زائد ہیں۔
انڈونیشیا میں کورونا وائرس کے بھارتی ویرینٹ کی تشخیص
پیر کو انڈونیشیا کی وزارتِ صحت نے بتایا کہ وائرس کی تبدیل شدہ قسم کی تشخیص کے دو کیسز میں سے ایک بھارت سے جکارتہ آنے والے فرد میں سامنے آئی ہے جب کہ دوسرا کیس جنوبی افریقہ سے بالی آنے والے فرد میں سامنے آیا ہے۔
وزارتِ صحت نے تصدیق کی ہے کہ دونوں کیسز میں B.1.617 ویرینٹ کی تشخص ہوئی ہے۔ یہ ویرینٹ سب سے پہلے بھارت میں سامنے آیا تھا۔
انڈونیشیا نے گزشتہ مہینے 14 دن کے عرصے میں بھارت کا سفر کرنے والے غیر ملکیوں کو ویزے کا اجرا روک دیا تھا۔