پاکستان میں مزید 120 اموات
پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 120 اموات ہوئی ہیں جب کہ ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح لگ بھگ نو فی صد ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں وبا سے ملک بھر میں 48 ہزار 103 ٹیسٹ کیے گئے جن میں چار ہزار 109 افراد کے وبا سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی۔
یوں ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 8.54 فی صد رہی۔
دوسری جانب وبا سے مزید 120 ہلاکتوں کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 18 ہزار 797 ہو گئی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں وبا سے مجموعی طور پر آٹھ لاکھ 54 ہزار 240 افراد متاثر ہوئے جن میں سے سات لاکھ 52 ہزار 712 صحت یاب ہو چکے ہیں جب کہ 82 ہزار 731 اب بھی زیرِ علاج ہیں۔
پاکستان: کیا لوگوں میں کرونا وائرس کا خوف ختم ہو گیا ہے؟
پاکستان میں کام کرنے والے ایک فلاحی ادارے 'ایدھی فاؤنڈیشن' کے عہدے دار بتا رہے ہیں کہ ملک میں کرونا کی تیسری لہر کے دوران ان کا کام پھر اسی طرح بڑھ گیا ہے جیسا پہلی لہر کے دوران تھا۔ لیکن اس بار لوگ وبا سے خوف زدہ نہیں۔ طبی امداد دینے والے اس صورتِ حال سے کیسے نمٹ رہے ہیں؟ دیکھیے ثمن خان کی رپورٹ۔
وراٹ اور انوشکا کا کرونا متاثرین کے لیے فنڈ جمع کرنے کی مہم کا آغاز
بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی اور ان کی اہلیہ و اداکارہ انوشکا شرما نے بھارت میں کرونا متاثرین کی امداد کے لیے ایک مہم کا آغاز کیا ہے۔
اس ضمن میں وراٹ کوہلی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو جاری کی ہے۔
ویڈیو پیغام میں کوہلی کا کہنا ہے کہ کرونا وبا کے پھیلاؤ کے سبب بھارت مشکل وقت سے گزر رہا ہے اور ہمارے صحت کے نظام کو بھی چیلنجز کا سامنا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت ہمیں اکھٹا ہو کر اپنے ملک کی مدد کی ضرورت ہے اس لیے لوگ آگے بڑھیں اور عطیات دیں۔
ملائیشیا نے پاکستان پر سفری پابندی عائد کر دی
ملائیشیا نے پاکستان سے آنے والے افراد کے داخلے پر عارضی پابندی عائد کر دی ہے۔
پابندی کے تحت پاکستان سے ملائیشیا جانے والے افراد کو داخل ہونے سے روک دیا جائے گا جس کا اطلاق آٹھ مئی سے تا حکم ثانی رہے گا۔
اس ضمن میں ملائیشین ڈی جی ایمیگریشن نے پاکستان کی سرکاری ائیرلائن (پی آئی اے) کو پابندی سے آگاہ کردیا ہے۔ پی آئی اے کوالالمپور کے لیے ہفتے میں ایک پرواز آپریٹ کرتی تھی۔
دوسری جانب سفری پابندیوں سے سفارتی اہلکاروں اور خصوصی طیاروں کو استثنیٰ حاصل ہو گا۔ سفارتی اہلکاروں کو ملائیشیا میں 14 دن قرنطینہ میں رہنے کے بعد جانے کی اجازت ہو گی۔
علاوہ ازیں ملائیشیا نے بنگلہ دیش، سری لنکا اور نیپال پر بھی عارضی پابندی عائد کی ہے۔
ملائیشیا کی جانب سے سفری پابندی کا یہ فیصلہ بھارت میں کرونا کی لہر میں شدت کے باعث کیا گیا ہے۔