بھارت میں کرونا کیسز ڈھائی کروڑ سے متجاوز
بھارت میں منگل کو کرونا کیسز کی مجموعی تعداد ڈھائی کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے۔
وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دو لاکھ 63 ہزار 533 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
حکام کے مطابق ملک میں مزید چار ہزار 329 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جب کہ اب تک وائرس سے دو لاکھ 78 ہزار 719 ہلاکتیں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
بھارت میں دو لاکھ 81 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ
بھارت میں کرونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں چار ہزار سے زائد افراد کرونا سے ہلاک ہوئے ہیں۔
وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں پیر کو مزید دو لاکھ 81 ہزار 386 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
بھارت میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد دو کروڑ 49 لاکھ 65 ہزار 463 ہے اور اب تک عالمی وبا سے دو لاکھ 74 ہزار 390 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
پاکستان میں کرونا کے تین ہزار سے زائد کیسز رپورٹ
پاکستان میں پیر کو 24 گھنٹوں کے دوران 36 ہزار 725 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے تین ہزار 232 کے نتائج مثبت آئے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کرونا مثبت کیسز کی شرح آٹھ اعشاریہ آٹھ صفر فی صد رہی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 74 افراد کرونا کے باعث انتقال کر گئے۔
پاکستان میں اب تک آٹھ لاکھ 80 ہزار 362 افراد کرونا سے متاثر ہوئے ہیں جب کہ وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 19 ہزار 617 ہے۔
خیبرپختونخوا: سیاحتی سرگرمیوں پر تا حکم ثانی پابندی برقرار
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی (این سی او سی) کے مطابق سیاحتی سرگرمیوں پر تا حکم ثانی پابندی برقرار رہے گی۔
این سی او سی کے مطابق خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات گلیات، سوات، کمراٹ، چترال، ناران وکاغان میں تمام ہوٹل و ریستوان بدستور بند رہیں گے۔
ترجمان محکمہ سیاحت کا کہنا ہے کہ این سی او سی کے آئندہ اجلاس میں سیاحت کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔